سعودی عرب میں انٹرنیٹ کا استعمال جمعے کے دن سب سے زیادہ
انٹرنیٹ براؤزنگ کے لیے 98.9 فیصد افراد اسمارٹ فون استعمال کرتے ہیں (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’مملکت میں انٹرنیٹ کا استعمال 99 فیصد تک پہنچ گیا۔‘
گزشتہ برس 2023 کے حوالے سے جاری سروے رپورٹ میں کہا گیا کہ ’انٹرنیٹ استعمال کرنے والے مردوں کا تناسب 99.3 فیصد جبکہ خواتین میں 98.5 فیصد ہے۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے جاری رپورٹ ’انٹرنیٹ سعودی‘ میں کہا گیا کہ 53.3 فیصد افراد یومیہ 7 گھنٹے انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔ 84.7 فیصد گھروں میں جبکہ 72 فیصد چلتے پھرتے اور 43.4 فیصد کام کے دوران۔‘
سروے رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ’یومیہ بنیاد پر سب سے زیادہ مصروف ترین اوقات رات 9 سے 11 بجے تک ہوتے ہیں جبکہ ہفتے میں جمعہ کا دن سب سے زیادہ مصروف ہوتا ہے۔ پورے سال میں دسمبر دیگر مہینوں کے اعتبار سے انٹرنیٹ زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔‘
انٹرنیٹ براؤزنگ کے لیے 98.9 فیصد افراد سمارٹ فون استعمال کرتے ہیں جبکہ 55 فیصد ڈیسک ٹاپ اور 39 فیصد ٹیبلیٹ کا استعمال کرتے ہیں۔
اینڈرائیڈ سسٹم استعمال کرنے والوں کا تناسب 61.5 فیصد ہے جبکہ آئی او ایس 38.1 فیصد استعمال ہوتا ہے۔
کمپیوٹرز میں ونڈوز استعمال کرنے والے 91.1 فیصد جبکہ میک سسٹم 7 فیصد استعمال ہوتا ہے۔
مملکت میں آن لائن مارکیٹنگ کے لیے اشیا یا سروسز کی خریداری 63.7 فیصد ہے جن میں سے 74.6 فیصد خواتین جبکہ 55.7 فیصد مرد ہوتے ہیں۔