پاکستانی عازمین حج کے لیے مکہ روٹ انیشیٹیو کے تحت کراچی سے حج پروازیں کل سے شروع ہو رہی ہیں۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے جاری بیان کے مطابق ’مکہ روٹ انیشیٹیو‘ کے تحت ساحلی شہر کراچی سے عازمین حج کے لیے فلائٹ آپریشن نو مئی سے شروع کیا جائے گا۔
سعودی حکام کی جانب سے متعدد مسلم اکثریتی ریاستوں کے ساتھ مل کر شروع کیا گیا یہ انیشیٹیو مکہ مکرمہ جانے والے عازمین کے لیے سالانہ حج کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
-
مکہ روٹ پروگرام نے بنگلہ دیشی عازمین حج کےلیے ’نیا افق‘ کھول دیاNode ID: 682621
اس پروگرام کے تحت امیگریشن پروسیسنگ جیسے کام حجاج کے آبائی ملک میں مکمل کیے جاتے ہیں، جس سے وہ سعودی عرب پہنچنے پر عمومی طریقہ کار سے بچ جاتے ہیں۔
اس انیشیٹیو سے نہ صرف سعودی ہوائی اڈوں پر مسافروں کے امیگریشن کے عمل میں انتظار کا وقت اور بھیڑ کم ہوتی ہے بلکہ حجاج کرام کے سفر کو زیادہ آرام دہ بنایا جاتا ہے۔
پاکستان نے 2019 میں اسلام آباد میں شروع ہونے والے پائلٹ پروگرام کے حصے کے طور پر اس انیشیٹیو یا پروگرام میں شمولیت اختیار کی تھی۔
پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی سے اس پروگرام کو دوسرے شہروں تک پھیلانے کے منصوبے بنائے گئے، اور اب کراچی کے زائرین رواں سال پہلی بار اس سے مستفید ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت حج پروازیں 09 مئی کو شروع ہوں گی اور 08 جون کو اختتام پذیر ہوں گی۔‘
اتھارٹی نے مزید کہا کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام متعلقہ اداروں نے پروگرام کا کامیاب نفاذ کے لیے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی ہے۔
سرکاری بیان کراچی ایئرپورٹ پر ہونے والے ایک اجلاس کے بعد جاری کیا گیا جس میں اس انیشیٹو پر توجہ مرکوز کی گئی۔
انیشیٹیو کے حوالے سے بات چیت میں تمام سٹیک ہولڈرز بشمول ایئرلائن کے نمائندے، گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیاں، بارڈر ہیلتھ سروسز، ایئرپورٹ سیکیورٹی، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، کسٹمز اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں حجاج کرام کے ہوائی اڈے پر قیام کے مختلف مراحل میں شامل طریقہ کار پر توجہ مرکوز کی گئی، سعودی امیگریشن کی کارروائی کے بعد عازمین کی روانگی تک کے مراحل پر بات کی گئی۔