Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک روزگار، افرادی قوت کی تکنیکی تربیت کے لیے کمپنی بنانے کا فیصلہ

وزیراعظم نے تکنیکی تربیت کے شعبے کی اصلاحات کے لیے کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی (فائل فوٹو: پی ایم او)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں تکنیکی و فنی تعلیم کو یکساں کرنے اور بیرونِ ملک پاکستانی افرادی قوت کے بہتر روزگار کے لیے پاکستان سکِل کمپنی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزارت امور سمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سکِل ڈویلپمنٹ فنڈ کے فوری قیام کی بھی ہدایت کی ہے۔
اس موقعے پر وزیراعظم نے کہا کہ ’پاکستان کی نوجوان افرادی قوت کو عالمی معیار کی تکنیکی و فنی تربیت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو مزید فعال بنایا جائے اور تمام شعبوں میں عالمی شہرت یافتہ اور بین الاقوامی سرٹیفیکشنز یقینی بنائی جائیں۔‘
انہوں نے ہدایت کی کہ ’بہترین اور عالمی معیار کے پیشہ ورانہ تکنیکی ہنر سے لیس افرادی قوت کے لیے ریگولیشن کا مربوط نظام یقینی بنایا جائے۔ نادرا، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن اور تمام صوبائی اداروں سے مل کر ملک میں اور بیرونِ ملک موجود افرادی قوت کا ایک مربوط اور منظم ڈیابیس بنایا جائے۔‘
بیان کے مطابق ’وزیراعظم نے پاکستانی تکنیکی و فنی افرادی قوت کو بیرونِ ممالک روزگار کے حوالے سے کمپنیوں کے لائسنس رجیم میں بھی اصلاحات کی ہدایت بھی کی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایسی کمپنیوں اور افراد کی نشاندہی کی جائے جو پاکستانی افرادی قوت کو دھوکہ دے کر ان کو معاشی نقصان پہنچاتے ہیں۔ ایسے عناصر دنیا بھر میں پاکستان کی سبکی کا باعث بنتے ہیں۔‘
’پاکستانی سفارت خانوں میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کی تعیناتیوں میں میرٹ اور شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے۔‘

اجلاس کو بتایا گیا کہ کمیشن رواں برس 60 ہزار افراد کو تکنیکی و فنی تربیت فراہم کرے گا (فوٹو: پی ایم او)

وزیراعظم نے پاکستان میں تکنیکی و فنی تربیت کے شعبے کی اصلاحات کے لیے ایک کمیٹی کے قیام کی ہدایت کی جو شعبے کی مجموعی بہتری کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے پاکستان میں افرادی قوت کی تربیت کے حوالے سے اقدامات کے بارے بتایا گیا کہ کمیشن رواں برس 60 ہزار افراد کو تکنیکی و فنی تربیت فراہم کرے گا جبکہ اصلاحات کے بعد آئندہ تین برس میں کل چھ لاکھ افراد کو تکنیکی و فنی تربیت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
بیان کے مطابق اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے نوجوانوں کے لیے نہ صرف وفاقی سطح پر کوٹہ مختص کیا گیا ہے بلکہ ان کی خصوصی تربیت کے لیے علیحدہ پروگرام کا اجراء کیا جا رہا ہے جس کا آغاز رواں برس جون میں ہو جائے گا۔
اجلاس کو وزارتِ امورِ سمندر پار پاکستانی و ترقی افرادی قوت کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اصلاحات پر سفارشات بھی پیش کی گئیں۔

شیئر: