اسلام آباد....پانامہ کیس کی تحقیقات کرنےوالی جے آئی ٹی کے سامنے وزیراعظم نوازشریف جمعرات کو پیش ہونگے ۔ وزیراعظم کے بھائی وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور داماد رکن قومی اسمبلی کیپٹن صفدر کو بھی طلب کرلیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق قطری شہزادے کے خط، مے فیر فلیٹس ،ذرائع آمدن ، حدیبیہ پیپرملز، مریم نواز کے زیر کفالت ہونے نہ ہونے سمیت دیگر معاملا ت پر پوچھ گچھ کی جائے گی۔ وزیر اعظم اپنے ہمراہ جے آئی ٹی کو مطلوب ریکارڈ بھی لے کر جائیں گے۔ جمعرات کی صبح 11 بجے جے آئی ٹی کے سامنے بیان ریکارڈ کرانے کےلئے پیش ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق پوچھ گچھ میںحسین نواز اور حسن نواز سے کی گئی تحقیقات کو مدنظر رکھاجائے گا ۔ ادھروزیر اعظم نواز شریف کی پیشی پر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ بلٹ پروف ڈائس جوڈیشل اکیڈمی پہنچا دیا گیا ممکنہ طور پر نواز شریف پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے۔ دوسری طرف وزیراعظم نواز شریف نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیشی کے موقع پر جوڈیشل اکیڈمی نہ پہنچیں۔