کراچی ایئرپورٹ میں باضابطہ افتتاح، سعودی وفد کی شرکت
کراچی ایئرپورٹ میں باضابطہ افتتاح، سعودی وفد کی شرکت
اتوار 12 مئی 2024 12:20
پاکستان کے شہر کراچی کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری سمیت دیگر متعلقہ حکام نے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور اس کے تحت سفر کرنے والوں کو الوداع کیا۔
اتوار کو کراچی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سعودی ایئرلائن سے روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سفر کرنے والے مسافروں کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
خصوصی تقریب میں سعودی سفیر کے ہمراہ سعودی چیئرمین امیگریشن اینڈ پاسپورٹ لیفٹیننٹ جنرل سلیمان بن عبدالعزیز ال یحیٰ نے بھی شرکت کی۔
روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے لیے بنائے گئے لاؤنج کا سعودی سفیر اور گورنر سندھ نے باقاعدہ افتتاح کیا۔
واضح رہے کہ روٹ ٹو مکہ کے تحت پہلی پرواز 9 مئی کو کراچی سے روانہ ہوئی تھی۔
روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سرکاری سکیم کے ذریعے حج پر جانے والے اس سروس سے مستفید ہو سکیں گے۔
سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ایئرپورٹ پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، اس سال کراچی ایئرپورٹ کو بھی روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سہولت سے کراچی ایئرپورٹ پر سعودی حکام پاکستانی عازمین حج کی ون ٹائم امیگریشن کر رہے ہیں، کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن کے بعد پاکستانی عازمین حج کو سعودی عرب میں امیگریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کو پہلے ہی روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا گیا تھا اور پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے دعاگو ہیں۔
سعودی سفیر نواف المالکی نے پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔
روٹ ٹو مکہ کے تحت عازمین حج کو مختلف سروسز فراہم کی جائیں گی جن میں ای ویزا کا اجرا، بائیو میٹرک تصدیق، روانگی کے وقت طریقہ کار میں سہولت، صحت کی ہدایات ہر عمل درآمد کو یقینی بنانا، سامان میں مدد فراہم کرنا، مکہ اور مدینہ میں نقل و حمل اور رہائش کا انتظام کرنا، اور نامزد رہائش گاہوں پر براہ راست منتقلی کی سہولیات شامل ہیں۔
رواں سال کے حج کے دوران 65,000 سے زیادہ پاکستانی عازمین اس اقدام سے مستفید ہوں گے جبکہ گزشتہ سال 26,000 نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا تھا۔
پاکستان نے جمعرات کو ملک بھر کے آٹھ ہوائی اڈوں پر حج آپریشنز کا آغاز کیا تھا جو 9 جون تک جاری رہیں گے۔ اس سال مناسک حج 14 سے 19 جون تک ادا کیے جانے کا امکان ہے۔