Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور امریکہ کا انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ، علاقائی اور عالمی سلامتی پر گفتگو

بیان کے مطابق ’باہمی دلچسپی کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے خطے میں انسداد دہشت گردی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے اقوام متحدہ اور او آئی سی کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ اور سفیر سید حیدر شاہ اور امریکی محکمہ خارجہ کی کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی اور سفیر الزبتھ رچرڈ نے مشترکہ طور پر امریکہ میں انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کا انعقاد کیا۔
پیر کو دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ’ 10مئی کو ہونے والا انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ علاقائی اور عالمی سلامتی کو درپیش اہم ترین چیلنجوں بشمول تحریک طالبان پاکستان اور داعش خراسان سے نمٹنے میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون پر زور دیتا ہے۔‘
’باہمی دلچسپی کے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے خطے میں انسداد دہشت گردی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ پاکستانی اور امریکی سینیئر حکام نے انسداد دہشت گردی کے تعاون اور استعداد کار میں اضافے کی اہمیت پر زور دیا، جس میں تکنیکی مہارت اور انسداد دہشت گردی کے بہترین طریقوں کے تبادلے، تفتیش اور استغاثہ کی معاونت شامل ہے۔‘
مزید کہا گیا کہ ’پاکستان اور امریکہ تسلیم کرتے ہیں کہ آئی ایس آئی ایس-خراسان، ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے شراکت داری خطے میں سلامتی کو آگے بڑھائے گی اور بین الاقوامی دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ اور علاقائی تعاون کے نمونے کے طور پر کام کرے گی۔‘
بیان کے مطابق ’دونوں حکومتوں نے ان موضوعات پر بات چیت کو بڑھانے اور پرتشدد انتہا پسندی کا پتہ لگانے اور اسے روکنے کے لیے مکمل حکومتی طریقوں کے ذریعے تعاون جاری رکھنے کا عزم کیا۔ انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ علاقائی اور عالمی سلامتی اور استحکام دونوں میں شراکت کے لیے پاکستان اور امریکہ کے مشترکہ عزم کی تصدیق کرتا ہے۔‘

شیئر: