پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا فیصلہ کن میچ آج ہوگا
دوسرے ٹی20 میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو سات وکٹوں سے شکست دے دی تھی (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج کھیلا جائے گا۔
منگل کو پاکستانی وقت کے مطابق شام سات بجے ڈبلن کے کاسل ایونیو سٹیڈیم میں دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر ٹی20 کرکٹ میں چوتھی مرتبہ آمنے سامنے آئیں گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر ہے۔
اس سے قبل دونوں ٹیمیں اب تک مجموعی طور پر تین مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں جس میں دو مرتبہ جیت پاکستان جبکہ ایک مرتبہ آئرلینڈ نے کامیابی حاصل کی۔
سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو سات وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
اس میچ میں پاکستان کی قیادت بابر اعظم کریں گے جبکہ آئرش ٹیم کی کپتانی پاؤل سٹرلنگ کے پاس ہوگی۔
اس سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کے سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عرفان خان نیازی، صائم ایوب، عثمان خان، آغا سلمان، عماد وسیم، شاداب خان، عباس آفریدی، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، محمد عامر، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم چار ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی20 میچز بالترتیب 22، 25، 28 اور 30 مئی کو کھیلے جائیں گے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوران ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے حتمی سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
اس سیریز کے بعد ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے امریکہ اور ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی۔