Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئرلینڈ سے شکست کوئی بھی قبول نہیں کر رہا، محسن نقوی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے ڈبلن میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی ہے۔
پی سی بی کے مطابق سنیچر کو ٹی20 ورلڈکپ کی تیاریوں اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ آئرلینڈ و انگلینڈ پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے دو گھنٹے طویل ملاقات اور حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی۔
جاری کیے گئے بیان کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور کھلاڑیوں کو محنت، جذبے اور پروفیشنل اپروچ کے ساتھ کھیلنے کی تلقین کی۔
کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ٹی20 کرکٹ یکسر مختلف اور جارحانہ اپروچ کی حامل ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ٹی20 کرکٹ کے جدید و نئے انداز کے مطابق کھیل کر ہی جیت ممکن ہو گی۔
’کمرے میں بیٹھ کر حکمت عملی ترتیب دی جا سکتی ہے لیکن اصل امتحان میدان میں ہوتا ہے جہاں پرفارمنس نظر آنی چاہیے۔‘
محسن نقوی نے کہا کہ بلاشبہ تمام کھلاڑی باصلاحیت، پروفیشنل اور بہترین ہیں۔ قومی ٹیم کا بولنگ اٹیک شاندار ہے۔ 
پی سی بی کے چیئرمین نے کہا کہ فیلڈنگ پر بہت توجہ کی ضرورت ہے تاکہ مخالف ٹیم کو کوئی بھی چانس نہ مل سکے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’کھلاڑی پاکستان کی امید ہیں اور آپ نے قوم کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔ فتح کے لیے ٹیم ورک بنیادی چیز ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’11 کھلاڑی ایک ہو کر پاکستان کے لیے جان لڑا دیں گے تو کامیابی قدم چومے گی۔ پاکستانی قوم کرکٹ سے محبت کرتی ہے اور  قوم کو اپنے کھلاڑیوں سے امیدیں ہیں۔‘
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’آخری گیند تک فائٹ کریں۔ مقابلہ ہوتا دکھائی دینا چاہیے۔ آئرلینڈ سے پہلے میچ میں شکست کو کوئی بھی قبول نہیں کر رہا۔‘
محسن نقوی نے کہا کہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے بعد اصل امتحان ورلڈکپ ہے۔

شیئر: