دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کی آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست
دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کی آئرلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست
اتوار 12 مئی 2024 16:41
ہیری ٹیکٹر عباس آفریدی کی گیند پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں 32 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان جاری تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر لی ہے۔
پاکستان نے آئرلینڈ کی جانب سے دیے گئے 194 رنز کے ہدف کو 16.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 78، محمد رضوان نے 75 اور اعظم خان نے 30 رنز بنائے۔
آئرلینڈ کی طرف سے مارک اڈائر، گراہم ہُومے اور بین وائٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی اننگز
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا۔ اوپنر صائم ایوب صرف 6 رنز کے سکور پر پویلین لوٹ گئے۔
کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کو پہلا نقصان 6 کے مجموعی سکور پر ہوا۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 13 کے مجموری سکور پر گری۔
ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد آئرش ٹیم پوری طرح گرین شرٹس پر حاوی نظر آئی لیکن فخر زمان اور محمد رضوان کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 78 گیندوں پر 140 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم ہوئی۔
اس شاندار شراکت نے طوفان میں پھنسی پاکستانی ٹیم کی کشتی کو آسانی سے کنارے کے قریب لا کر کھڑا کر دیا۔
شراکت کے دوران آئرش فیلڈرز نے بھی دونوں بیٹرز کا بھرپور ساتھ دیا اور دو آسان کیچ گرائے جس کا محمد رضوان اور فخر زمان نے خوب فائدہ اٹھایا۔
فخر زمان اور محمد رضوان نے نصف سینچریاں سکور کیں۔
میچ میں آئرلینڈ کی امیدیں ہر اوور کے بعد ختم ہوتی جا رہی تھیں کہ ٹیم کے 153 کے سکور پر فخر زمان 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد اعظم خان نے محمد رضوان کا ساتھ دیتے ہوئے 10 گیندوں پر 30 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر میچ اپنی ٹیم کے نام کر لیا۔
اتوار کو ڈبلن کے کاسل ایونیو سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔
آئرلینڈ کی جانب سے لورکان ٹکر نے 51، ہیری ٹیکٹر نے 32 اور گیراتھ ڈیلانی نے 28 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے تین، عباس آفریدی نے دو اور محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
آئرلینڈ کی اننگز
آئرش اوپنرز نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا اور ابتدائی تین اوورز میں پاؤل سٹرلنگ اور اینڈی بالبرنی آسانی سے شاٹس کھیلتے دکھائی دیے۔
پاکستان کو پہلی کامیابی 29 کے مجموعی سکور پر ملی جب شاہین آفریدی کی گیند پر اونچی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں پاؤل سٹرلنگ محمد عامر کے شاندار کیچ کی بدولت آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو دوسری وکٹ بھی جلد ہی مل گئی جب ان فارم بیٹر اینڈی بالبرنی شاہین آفریدی کی گیند پر 16 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوگئے۔
شاہین آفریدی نے تینوں فارمیٹس میں 300 وکٹیں حاصل کر لیں۔
اس کے بعد اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے ہیری ٹیکٹر کو ایک کے سکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا تاہم یہ نو بال ہوگئی اور ہیری ٹیکٹر کو میچ میں نئی زندگی مل گئی۔
نو بال پر ملنے والے موقعے کا ہیری ٹیکٹر نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور انہوں نے تیسری وکٹ کے لیے لورکان ٹکر کے ساتھ 47 گیندوں پر 62 رنز کی شراکت قائم کی۔
پاکستان کے لیے یہ شراکت مشکلات پیدا کرنے لگی لیکن 12ویں اوور کی تیسری گیند پر ہیری ٹیکٹر عباس آفریدی کی گیند پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں 32 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
چوتھی وکٹ کے لیے کرٹس کیمفر اور لورکان ٹکر نے عمدہ بیٹنگ کی اور ٹیم پر دباؤ کو حاوی نہ ہونے دیا۔
دونوں بیٹرز نے اپنی شراکت کے دوران 15ویں اوور میں شاہین آفریدی کو دو چھکے اور ایک چوکا بھی رسید کیا۔
پاکستان کو چوتھی کامیابی 16ویں اوور میں ملی جب کرٹس کیمفر 32 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کو پانچویں وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا جس کے بعد جورج ڈوکریل 15 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے اعظم خان کو کیچ دے بیٹھے۔
اس سے اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر لورکان ٹکر بھی 51 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر میدان چھوڑ گئے۔
پاکستان کو ساتویں وکٹ مارک اڈائر کی ملی جو 165 کے ٹیم سکور پر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
کاسل ایونیو سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر ٹی20 کرکٹ میں تیسری مرتبہ آمنے سامنے آئیں۔
یاد رہے کہ آئرلینڈ نے پہلے میچ میں پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔
دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستانی ٹیم نے ایک تبدیلی کرتے ہوئے شاداب خان کی جگہ محمد عامر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔
آئرلینڈ نے بھی اس میچ کے لیے ایک تبدیلی کرتے ہوئے بیری مککارتھی کی جگہ گراہم ہُومے کو ٹیم میں شامل کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 14 مئی کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، عباس آفریدی اور محمد عامر شامل تھے۔ آئرلینڈ کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے آئرلینڈ کی پلیئنگ الیون میں پاؤل سٹرلنگ (کپتان)، اینڈی بالبرنی، لورکان ٹکر (وکٹ کیپر)، ہیری ٹیکٹر، کرٹس کیمفر، جورج ڈوکریل، گاریتھ ڈیلانی، مارک اڈائر، گراہم ہُومے، کریگ ینگ اور بین وائٹ شامل تھے۔
آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد پاکستانی ٹیم چار ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ روانہ ہوگی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹی20 میچز بالترتیب 22، 25، 28 اور 30 مئی کو کھیلے جائیں گے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے دوران ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے حتمی سکواڈ کا اعلان کیا جائے گا۔
اس سیریز کے بعد ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے امریکہ اور ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی۔