ژوب میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، تین دہشت گرد ہلاک، میجر جان سے گیا
شہباز شریف نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں خفیہ معلومات پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جس کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’آپریشن میں ہتھیار، گولہ بارود اور بارودی مواد قبضے میں لیا گیا۔ تاہم دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی قیادت کرتے ہوئے میجر بابر خان شہید ہوگئے ہیں۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق 33 سالہ میجر بابر خان کا تعلق ضلع میانوالی سے ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں کسی دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ژوب میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر افواج پاکستان کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاک فوج کے جوانوں نے مثالی جرآت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ان کے ٹھکانے میں جہنم واصل کیا۔ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’وزیرِ اعظم نے آپریشن کے دوران جرآت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر بابر خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ فوج کے افسران و جوانوں کی ملکی سلامتی اور دہشت گری کی عفریت کے ملک سے خاتمے کے لیے لازوال قربانیاں ہیں۔