گروگرام۔۔۔ساڑھے5سال کی جڑواں بچیوں نے اتفاقاً کار میں خود کو بند کرلیا اور وہ دونوں ہی دم گھٹ کر ہلاک ہوگئیں۔ہندوستانی فوج کے جوان گووند کمار کی بیٹیاں ہرشیتا اور ہرشااپنے نانا نانی کے گھر کھیل رہی تھیں وہ بعد میں گھر سے 150میٹر دور کھڑی ایک مترک گاڑی میں بیٹھ گئیںاور انہوں نے دروازے بند کرلئے۔ کوشش کے باوجود دروازے نہیں کھلے ۔دونوں بچیاں آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے بیہوش ہوگئیں اور ایک گھنٹے کے اندر اندر ہلاک ہوگئیں۔خاندان والے انہیں تلاش کرتے ہوئے کار تک پہنچ گئے۔اس وقت تک یہ دونوں بیہوش تھیں ، اسپتال لے جایا گیا جہاں دونوں کو مردہ قراردیدیا گیا۔ دونوں بچیاں والدہ کے ساتھ موسم گرما کی تعطیلات منانے کیلئے نانانانی کے گھر گئی ہوئی تھیں۔ان کے والد کی پوسٹنگ میرٹھ میںہے۔ اس سال کے اوائل میں ہی ان دونوں بچیوں کا اسکول میں داخلہ کرایا گیا تھا۔والد ایک دودن میں واپس لینے کیلئے آنے والے تھے۔گووند کے والدنے جو ریٹائرڈ حوالدار ہیں کہا کہ یہ دونوں بچیاں گڑیا کی طرح تھیں۔ ان کی موت سے سارا گاؤں افسردہ ہے۔یہ کار گووند کے کزن کی تھی اور پچھلے کئی ماہ سے ناقابل استعمال تھی۔