Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قوم سے گلہ ہے کہ ایک وزیراعظم کو ہٹایا گیا اور وہ خاموش بیٹھی رہی: نواز شریف

نواز شریف نے کہا کہ ’ان لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے جنہوں نے ملک کو تباہ و برباد کیا۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ انہیں پاکستانی قوم سے گلہ ہے کہ جب انہیں اقتدار سے ہٹایا گیا تو وہ خاموش بیٹھی رہی۔
سنیچر کو لاہور میں پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’مجھے تھوڑا سا گلہ قوم سے بھی ہے، میں دل کی بات کر رہا ہوں۔ ایک وزیراعظم کو جھوٹے کیس میں بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے جرم میں فارغ کر دیا جاتا ہے اور قوم خاموش بیٹھی رہی۔‘
نواز شریف نے اپنے دور کا اور اس وقت مہنگائی کا  موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ’قوم سے سوال کرنا چاہتا ہوں کہ کس کے دور میں چیزوں کی قیمتیں کم تھیں اور کس کے دور میں اضافہ ہوا۔‘
’قوم سے سوال پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ ووٹ دیتے ہوئے سوچتے ہیں نواز شریف کی کارکرگی کیا تھی اور مخالفین کی کیا تھی۔‘
انہوں اس بات کو دہرایا کہ انہیں اقتدار سے کیوں نکالا گیا اور کہا کہ ’ان لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے جنہوں نے ملک کو تباہ و برباد کیا۔‘
نواز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بارے میں کہا کہ ’2013 میں الیکشن جیتنے کے بعد میں بنی گالا عمران خان کے پاس گیا جب وہ 35 پنکچر کی رٹ لگا رہے تھے، اور ان سے کہا کہ ملک کی ترقی میں حصہ لیں۔ مل کر پاکستان کی خدمت کریں۔‘
’عمران خان نے کہا کہ بنی گالا کی سڑک بنا دیں، وہ ہم نے بنا دی۔ پھر نہ جانے کیا ہوا۔ وہ لندن پہنچ گئے، جنرل ظہیر السلام بھی پہنچ گئے، پرویز الہی اور طاہر القادری بھی پہنچ گئے اور سازش کی گئی اور دھرنا دیا گیا۔‘

شیئر: