ن لیگ کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس، ’نواز شریف 28مئی کو پارٹی صدر منتخب ہوں گے‘
شہباز شریف نے 11 مئی 2024 کو پارٹی کے سیکریٹری جنرل کو اپنا استعفیٰ بھیجا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں حکمران جماعت مسلم لیگ نواز کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے پارٹی کے صدر کا الیکشن 28 مئی کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس دوران شہباز شریف قائم مقام صدر رہیں گے۔
سنیچر کو لاہور میں پاکستان مسلم لیگ ن کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ن لیگ کے رہنما سیف الملوک کھوکھر نے بتایا کہ نوازشریف نے ہدایت کی ہے کہ 28 مئی کو جنرل کونسل کے اجلاس میں پارٹی صدارت کا فیصلہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف 28 مئی تک ن لیگ کے قائم مقام صدر رہیں گے۔
سیف الملوک کھوکھر نے بتایا کہ 28 مئی کو جنرل کونسل کے اجلاس میں نوازشریف کو پارٹی صدر منتخب کیا جائے گا۔
’جنرل کونسل کے اجلاس کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے جو 28 مئی صبح ساڑھے گیارہ بجے ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق سی ای سی اور حتمی منظوری جنرل کونسل کے اجلاس میں دی جائے گی۔ شہبازشریف کو مسلم لیگ ن کا قائم مقام صدر نامزد کر دیا گیا ہے۔‘
سیف الملوک کھوکھر کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ خان کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ شہباز شریف نے گزشتہ دنوں مسلم لیگ ن کے صدر کا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اب وقت آ گیا ہے کہ نواز شریف پارٹی صدر کی حیثیت سے اپنا جائز مقام دوبارہ حاصل کریں۔‘
پنجاب کی سینیئر وزیر اور مسلم لیگ (ن) کی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں اس پیش رفت کو شیئر کیا تھا۔
انہوں نے شہباز شریف کا 11 مئی 2024 کو پارٹی کے سیکریٹری جنرل کو بھیجا گیا استعفیٰ بھی شیئر کیا تھا۔