میں دو مہینے ٹوتھ برش تک نہ کر سکا، رشبھ پنت کا انکشاف
میں دو مہینے ٹوتھ برش تک نہ کر سکا، رشبھ پنت کا انکشاف
منگل 28 مئی 2024 19:07
رشبھ پنت نے دہلی کیپیٹلز کی کپتانی کرتے ہوئے اس سیزن میں 446 سکور بنائے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر رشبھ پنت نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کار حادثے کے باعث دو مہینے ٹوتھ برش تک نہ کر سکے۔
نیوز ویب سائٹ ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق رشبھ پنت نے ساتھی کرکٹر شِیکھر دھوَن کے شو ’دھوَن کریں گے‘ میں بات کرتے ہوئے خوفناک حادثے کے بعد ہونے والی ناقابلِ برداشت تکالیف کے بارے میں بات کی۔
رشبھ پنت کہتے ہیں کہ ’چوٹ سے ٹھیک ہونے کے لیے اپنے اوپر یقین اور خود اعتمادی بہت ضروری ہے کیونکہ آپ کے اردگرد موجود لوگ ہر طرح کی باتیں کر رہے ہوتے ہیں اور آپ کو انفرادی طور پر سوچنا پڑ جاتا ہے کہ آپ کے لیے اچھا ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس حادثے نے میری زندگی بدل دی۔ جب میں حادثے کے بعد اٹھا تو مجھے یقین ہی نہیں تھا کہ میں زندہ رہوں گا لیکن خدا کی مہربانی سے میں محفوظ رہا۔‘
وکٹ کیپر بیٹر نے مزید انکشاف کیا کہ ’میں دو مہینوں تک ٹوتھ برش تک نہ کر سکا اور چھ سے سات مہینوں تک مجھے ناقابلِ برداشت درد کا سامنا کرنا پڑا۔‘
بائیں ہاتھ کے بیٹر نے کہا کہ ’میں ایئرپورٹ تک نہ جا سکا کیونکہ وِیل چیئر پر بیٹھے ہوئے لوگوں کو دیکھ کر میں گھبرا جاتا تھا۔‘
خیال رہے کہ رشبھ پنت 30 دسمبر 2022 کو رُورکی شہر کے قریب دہلی دہرادُون ہائی وے پر کار حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔
اس حادثے میں رشبھ پنت کی کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی جبکہ انہیں شدید چوٹیں آئی تھیں جس کے باعث وہ لگ بھگ ڈیڑھ سال کے عرصے تک ہر طرح کی کرکٹ سے مکمل طور پر دور رہے۔
انہوں نے رواں برس انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سیزن سے کرکٹ میں واپسی کی۔
رشبھ پنت نے آئی پی ایل کی ٹیم دہلی کیپیٹلز کی کپتانی کرتے ہوئے اس سیزن میں 155 کے سٹرائیک ریٹ سے 446 سکور بنائے۔
خیال رہے کہ رشبھ پنت آئندہ ماہ سے ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے انڈین ٹیم کے سکواڈ میں شامل ہیں۔