Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین وکٹ کیپر رشبھ پنت کار حادثے کے بعد ’فِٹ‘ قرار، پریمیئر لیگ میں کھیلیں گے

رشبھ پنت کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی کھیلنے کا امکان ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈین وکٹ کیپر رشبھ پنت کار حادثے میں زخمی ہونے کے بعد مکمل صحتیاب ہو گئے ہیں اور رواں ماہ شروع ہونے والی پریمیئر لیگ میں کھیلیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رشبھ پنت دہلی کیپیٹلز میں واپسی کی تیاری کر رہے ہیں اور جون میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا کی نمائندگی بھی کر سکتے ہیں۔
انڈین بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ (بی سی سی آئی) نے بیان میں کہا کہ ’جان لیوا روڈ حادثے کے بعد 14 ماہ کے طویل علاج  اور بحالی کے عمل سے گزرنے کے نتیجے میں، رشبھ پنت کو اب فِٹ قرار دے دیا گیا ہے۔‘
بی سی سی آئی کے اعلان کے بعد 26 سالہ کھلاڑی نے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اپنی تصویر پوسٹ کی اور ساتھ میں لکھا ’مسکراتے رہیے۔‘
دسمبر 2022 میں رشبھ پنت کی مرسیڈیز دہلی کے ہائی وے پر ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی تھی اور اس میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
 کرکٹر کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا تھا جس کے بعد انہیں ایئر ایمبولنس کے ذریعے ممبئ لے جایا گیا جہاں ان کا باقاعدہ علاج ہوتا رہا۔
گزشتہ سال دہلی کیپیٹلز میں ان کی جگہ بطور سکپر آسٹریلیا کے ڈیویڈ وارنر کھیلتے رہے ہیں۔
سال 2017 سے تینوں فارمیٹس میں رشبھ پنت انڈیا کے لیے کُل 129 مرتبہ کھیل چکے ہیں۔
بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے رشبھ پنت کی واپسی پر کہا کہ ’اگر وہ ہمارے لیے ٹی 20 ورلڈ کپ کھیل سکیں تو یہ ہمارے لیے بہت بڑی بات ہوگی۔‘
’وہ ہمارا بہت بڑا اثاثہ ہیں۔ اگر وہ وکٹ سنبھال سکتے ہیں تو ورلڈ کپ بھی کھیل سکتے ہیں۔ دیکھتے ہیں وہ آئی پی ایل میں کیسا پرفارم کرتے ہیں۔‘
اس سے قبل رشبھ پنت نے کار حادثے اور بحالی کے مراحل پر بات کرتے ہوئے کہا تھا ’میں بہت خوش قسمت ہوں کہ جس طرح کا ایکسیڈنٹ ہوا اور اس کے بعد بھی زندہ ہوں۔‘

شیئر: