Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پانڈا ڈپلومیسی کا آغازِ نو، چین ایک نئی جوڑی امریکہ بھیجے گا

امریکی خاتون اول جل بائیڈن اور حکام نے کہا ہے کہ چین سال کے آخر تک واشنگٹن کے قومی چڑیا گھر میں دیوہیکل پانڈا واپس کر دے گا۔ یہ دونوں سپر پاورز کے درمیان پانڈا سفارت کاری کے نئے دور کا اشارہ ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جل بائیڈن نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’ہم پرجوش ہیں کہ بچے قومی چڑیا گھر میں ایک بار پھر دیوہیکل پانڈوں کی دلکش اور خوش کن حرکات سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔‘
چڑیا گھر نے ایک بیان میں کہا کہ چین 10 سالہ افزائش اور تحقیق کے معاہدے کے تحت باؤ لی اور کنگ باؤ نامی ایک نئی جوڑی بھیجے گا۔
سمتھسونین کے نیشنل زو اینڈ کنزرویشن بائیولوجی انسٹی ٹیوٹ کی برینڈی سمتھ نے کہا کہ ’ہم اپنی افزائش اور تحفظ کی شراکت داری کے اگلے باب کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوش ہیں، جس میں ہمارے پیارے پانڈا خاندان کی اولاد سمیت دو نئے ریچھوں کا واشنگٹن ڈی سی میں استقبال کیا جائے گا۔‘
’یہ تاریخی لمحہ اس بات کا ثبوت ہے کہ چینی ساتھیوں کے ساتھ ہمارے تعاون نے ایک ناقابل تردید اثر ڈالا ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ہم نے پانڈا کی آبادی میں اضافہ کیا ہے، اس پانڈے کی دیکھ بھال کرنے کے بارے میں اپنی مشترکہ سوجھ بوجھ کو بڑھایا ہے اور یہ سیکھا ہے کہ جنگلی پانڈوں کی حفاظت کے لیے کیا ضروری ہے۔‘
امریکہ میں صرف مٹھی بھر پانڈا باقی ہیں جن میں سے تین چھ ماہ قبل واشنگٹن کے قومی چڑیا گھر کو چھوڑ چکے ہیں۔
لیکن صدر شی جن پنگ نے گزشتہ نومبر میں کیلی فورنیا میں ایک سربراہی اجلاس میں صدر جو بائیڈن سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ چین نئے پانڈوں کو ’چینی اور امریکی عوام کے درمیان دوستی کے ایلچی‘ کے طور پر بھیج سکتا ہے۔

شیئر: