فائٹر
فائٹر رواں برس 25 جنوری کو ریلیز ہونے والی اس سال کی بڑی فلموں میں سے ایک فلم تھی۔
اس فلم کی کاسٹ میں ریتک روشن، دپیکا پاڈوکون، انیل کپور اور کرن سنگھ گروور شامل ہیں جبکہ اس کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند نے کی۔
فائٹر کی کہانی شمشیر پٹھانیا نامی پائلٹ کے گرد گھومتی ہے جو انڈین ایئر فورس کا پائلٹ بننے کا خواب پورا کرتے ہیں۔
فلم فائٹر نے باکس آفس پر 212 کروڑ انڈین روپے کا کاروبار کیا۔
تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا
تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا 9 فروری کو ریلیز ہونے والی رومانس کامیڈی نوعیت کی فلم ہے جس کی مرکزی کاسٹ میں شاہد کپور اور کریتی سینون شامل ہیں۔
تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا کا میوزک جہاں سپر ہٹ رہا ہے وہیں اس فلم نے باکس آفس پر بھی اب تک خاطر خواہ کاروبار کیا ہے۔
اس فلم کی کہانی اریان (شاہد کپور) نامی لڑکے کے گرد گھومتی ہے جو امریکہ میں آفس کی اسائنمٹ کے دوران سِفرا (کریتی سینن) نامی لڑکی کی محبت میں گرفتار ہو جاتا ہے اور پھر اس کی پریم کہانی مشکلات کا شکار ہو جاتی ہے۔
تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا نے اب تک باکس آفس پر 87 کروڑ انڈین روپے کما لیے ہیں۔
شیطان
ہارر اور تھرل سے بھرپور فلم ’شیطان‘ کی نمائش انڈیا بھر کے سنیما گھروں میں جاری ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں اجے دیوگن، آر مادھون، جیوتیکا، جانکی بودی والا اور انگڑ راج شامل ہیں۔
’شیطان‘ کی کہانی ایک ایسی فیملی کے گرد گھومتی ہے جن کے گھر میں ایک پراسرار اجنبی شخص (آر مادھون) فون چارج کرنے کے بہانے گھس آتا ہے اور پھر اُن کی بیٹی کے دماغ پر اپنا سحر طاری کرتے ہوئے اسے اپنی طاقت میں جکڑ لیتا ہے۔
اس فلم کے ٹریلر میں اجے دیوگن اپنی بیٹی کو آر مادھون کے کردار سے بچاتے دکھائی دیتے ہیں تاہم سحر کی یہ صورتحال بدترین ہوتی چلی جاتی ہے۔
فلم شیطان نے باکس آفس پر اب تک 81 کروڑ 60 لاکھ کروڑ روپے کا بزنس کر لیا ہے۔
آرٹیکل 370
ادتیا سوہاس جمبھالے کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم آرٹیکل 370 کی کہانی انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات اور حکومت کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے گرد گھومتی ہے۔
اس فلم میں اداکارہ یامی گوتم مرکزی کردار نبھا رہی ہیں جبکہ اُن کے ساتھ کاسٹ میں پریامانی، ارون گویل اور کِرن کرمارکر شامل ہیں۔
فلم آرٹیکل 370 نے باکس آفس پر 73 کروڑ 56 لاکھ انڈین روپوں کا کاروبار کر لیا ہے۔
میری کرسمس
ایکشن، تھرلر اور سسپنس سے بھرپور اس فلم کی کہانی دو انجان لوگوں کے گرد گھومتی ہے جو کرسمس کی شام کو ایک دوسرے سے ملتے ہیں جس کے بعد وہ ملاقات ایک عجیب بھیانک رُخ اختیار کر لیتی ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں کترینہ کیف، وجے سیتھوپاتھی سمیت پوجا لڈھا سُورتی شامل ہیں جبکہ فلم کی ہدایت کاری سری رام راگھون نے کی ہے۔
میری کرسمس کی سنیما گھروں میں نمائش کے بعد نیٹ فلکس پر سٹریمنگ جاری ہے۔ اس فلم نے باکس آفس پر ہندی ورژن میں 16 کروڑ انڈین روپے کا کاروبار کیا تھا۔