Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین الیکشن میں 64 کروڑ 20 لاکھ ووٹرز کا عالمی ریکارڈ بنانے کا دعویٰ

الیکشن کمشنر نے کہا کہ چھ ہفتوں پر مشتمل انتخابات میں 64 کروڑ 20 لاکھ شہریوں نے ووٹ ڈالے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے انتخابات کے دوران 64 کروڑ 20 لاکھ ووٹرز کا عالمی ریکارڈ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو نئی دہلی میں پریس کانفرس کے دوران چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے بتایا کہ چھ ہفتوں پر مشتمل انتخابات میں 64 کروڑ 20 لاکھ شہریوں نے ووٹ ڈالے۔
راجیو کمار نے مزید کہا کہ ’ہم نے 64 کروڑ 20 لاکھ ووٹرز کا عالمی ریکارڈ بنا لیا ہے۔ یہ ہم سب کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔‘
2024 کے جنرل الیکشن میں صرف 39 حلقوں میں دوبارہ انتخابات ہوئے جبکہ 2019 میں 540 حلقوں میں دوبارہ انتخابات منعقد کیے گئے تھے۔
الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل پر شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ ’سرکاری عہدیدار، گنتی کرنے والے ایجنٹس، آر اوز اور مبصرین دنیا کے سب سے بڑے انتخابی عمل میں موجود تھے۔‘
انتخابات کے ساتویں مرحلے کا اختتام سنیچر کو ہوا اور حتمی نتیجے کا اعلان منگل کو ہو گا۔
ایگزٹ پولز کے مطابق انتخابات میں مودی کامیابی کی راہ پر گامزن ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ’انڈیا کے لوگوں نے ان کی حکومت کو دوبارہ منتخب کرنے کے لیے ریکارڈ تعداد میں ووٹ دیا۔‘
انتخابات کے لیے انڈیا الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کرتا ہے جس کے ذریعے تیزی سے گنتی کا عمل مکمل ہوتا ہے۔

انتخابات کے لیے ضمانت ہر رہا ہونے والے نئی دہلی کے وزیراعلٰی آج دوبارہ جیل چلے گئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن کو چار اعشاریہ 56 لاکھ شکایات موصول ہوئیں۔
الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ انتخابات کے دوران کوئی بڑا واقعہ بھی رپورٹ نہیں ہوا۔
انڈین الیکشن کے آخری دو مرحلے سخت گرمی میں منعقد ہوئے۔ صرف اترپردیش میں انتخابی عملے کے کم سے کم 33 افراد ہیٹ ویو کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔
’مودی کی حکومت واپس آ رہی ہے‘
زیادہ تر ایگزٹ پولز نے پیش گوئی کی ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی تیسری مرتبہ اقتدار سنبھالیں گے اور بھارتیہ جنتا پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں کو لوک سبھا میں اکثریت ملنے کا امکان ہے۔
مودی کے حلقہ وارانسی میں ان کے حامیوں کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ان کے رہنما کی جیت یقینی ہے۔
ایک مندر کے باہر پھول فروش نند لال نے کہا کہ ’ان (نریندر مودی) کی حکومت واپس آ رہی ہے۔‘

زیادہ تر ایگزٹ پولز نے پیش گوئی کی ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی تیسری مرتبہ اقتدار سنبھالیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب کانگرس کی رہنما سونیا گاندھی نے اس امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کے نتائج ایگزٹ پولز کے نتائج کے برعکس ہوں گے۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ ’ہمیں انتظار کرنا ہو گا، انتظار کیجیے اور دیکھیے۔‘
انتخابات کے لیے ضمانت ہر رہا ہونے والے نئی دہلی کے وزیراعلٰی دوبارہ جیل چلے گئے ہیں۔
وزیراعلٰی اروند کیجریوال کو لوک سبھا انتخابات کی مہم چلانے کے لیے سپریم کورٹ کے حکم پر عبوری ضمانت پر 10 مئی کو جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

شیئر: