Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین الیکشن کا آخری مرحلہ، مودی اور راہل گاندھی کی نظریں کامیابی پر

ساتویں مرحلے میں پنجاب کی تمام 13 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
انڈیا میں عام انتخابات کے آخری مرحلے میں کروڑوں ووٹرز شدید گرم موسم میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں جبکہ وزیراعظم نریندر مودی اور اُن کے سیاسی مخالفین عدم مساوات کے خاتمے اور مذہبی بنیادوں پر کامیابی حاصل کرنے کے بیانات دے رہے ہیں۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق لوک سبھا انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے آغاز پر انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے شہریوں سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ’آئیے اپنی جمہوریت کو مزید متحرک بنائیں۔‘
انڈیا کی پارلیمنٹ کے ایوان نمائندگان یا لوک سبھا کے انتخابات کے ساتویں مرحلے میں 57 حلقوں سے کل 904 امیدوار میدان میں ہیں۔
وزیراعظم نریندر مودی نے سنیچر کو 57 انتخابی حلقوں کے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں بڑی تعداد میں شرکت کریں اور اپنا ووٹ ڈالیں۔
ریاست اترپردیش میں وارانسی کے حلقے سے الیکشن لڑنے والے نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں لکھا ’آج 2024 کے لوک سبھا انتخابات کا آخری مرحلہ ہے۔ چونکہ 8 ریاستوں اور یونین ٹیریٹری میں 57 سیٹوں پر پولنگ ہو رہی ہے، جس میں ووٹروں سے بڑی تعداد میں ٹرن آؤٹ اور ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ مجھے امید ہے کہ نوجوان اور خواتین ووٹرز ریکارڈ تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ آئیے مل کر اپنی جمہوریت کو مزید متحرک بنائیں۔‘
آٹھ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 57 حلقوں میں مودی سمیت 904 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ایک لاکھ پولنگ سٹیشنوں پر 10 کروڑ ووٹر کریں گے۔
نریندر مودی اور کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے ایک دوسرے کے لیے بھاری شکست کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ ان کی اتحادی جماعتیں ہی حکومت بنائیں گی۔

انتخابات کے ساتویں مرحلے میں 57 حلقوں سے 904 امیدوار میدان میں ہیں۔ فوٹو: روئٹرز

انڈیا کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش میں ساتویں مرحلے میں 80 میں سے 13 نشستوں پر پولنگ جاری ہے۔
وارانسی سب سے ہائی پروفائل حلقہ ہے جہاں سے نریندر مودی مسلسل تیسری بار پارلیمنٹیرین کے طور پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔ ان کا مقابلہ اتر پردیش کانگریس کے سربراہ اجے رائے سے ہے۔
اتر پردیش کے وزیراعلٰی یوگی آدتیہ ناتھ کے گڑھ گورکھپور میں بی جے پی کے موجودہ رکن پارلیمنٹ روی کشن کا مقابلہ سماج وادی پارٹی کی کاجل نشاد اور بہوجن سماج پارٹی کے جاوید اشرف سے ہے۔ مرکزی وزیر انوپریہ پٹیل مرزا پور سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔
ریاست بہار میں ساتویں مرحلے میں پٹنہ صاحب اور پاٹلی پترا سمیت آٹھ سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔ لالو پرساد کی بیٹی میسا بھارتی پاٹلی پترا سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔ دوسری طرف سابق مرکزی وزیر روی شنکر پرساد پٹنہ صاحب سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
اس مرحلے میں پنجاب کی تمام 13 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ حکمراں عام آدمی پارٹی اور اس کے انڈیا بلاک میں شامل اتحادی جماعت کانگریس اکیلے الیکشن لڑ رہی ہے۔

شیئر: