Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا نیتا امبانی 60 ہزار ڈالر مالیت کا دنیا کا سب سے مہنگا پانی پیتی ہیں؟

نیتا امبانی کی سنہ 2015 کی آئی پی ایل کی تصویر کو ایڈیٹ کیا گیا ہے (فوٹو: بالی وڈ منترا)
انڈیا کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کی اہلیہ نیتا امبانی اپنے شاہانہ طرز زندگی کے باعث اکثر خبروں میں رہتی ہیں۔
ریلائنس فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن نیتا امبانی کی حال ہی میں انٹرنیٹ پر ایک تصویر وائرل ہوئی ہے جس میں انہیں دنیا کا مہنگا ترین پانی ’ ایکوا دی کرسٹالو‘ پیتے دیکھا جا سکتا ہے۔
گزشتہ کچھ روز سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نیتا امبانی کی یہ تصویر شیئر کی جا رہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نیتا امبانی دنیا کا مہنگا ترین پانی پیتی ہیں جس کی قیمت 60 ہزار ڈالر ہے۔

کیا واقعی نیتا امبانی اتنا مہنگا پانی پیتی ہیں؟

جہاں ’ایکوا دی کرسٹالو‘ برانڈ کے پانی پر سوشل میڈیا صارفین بحث کرتے دکھائی دیے وہیں معلوم ہوا ہے کہ جس تصویر میں نیتا امبانی کو یہ پیتے دکھایا گیا ہے وہ تصویر جعلی ہے۔
نیتا امبانی کی اصل تصویر 2015 کے آئی پی ایل میچ کے دوران لی گئی تھی جہاں وہ اپنے بیٹے آکاش امبانی اور سابق کرکٹر انیل کمبلے کے ساتھ بیٹھی نظر آ رہی ہیں۔


فوٹو: بالی وڈ منترا

مذکورہ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نیتا امبانی پلاسٹک کی بوتل سے پانی پی رہی ہیں۔ تاہم اس کا حال ہی میں وائرل ہونے والی تصویر سے موازنہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اصل تصویر میں موجود پانی کی بوتل کو ایڈیٹ کر کے ’ایکوا دی کرسٹالو‘ سے تبدیل کر دیا گیا ہے۔


فوٹو: بالی وڈ منترا

’ایکوا دی کرسٹالو‘ نامی پانی اتنا مہنگا کیوں ہے؟

’ایکوا دی کرسٹالو‘ نامی پانی کا پورا نام Acqua di Cristallo Tributo a Modigliani ہے جسے معروف ڈیزائنر فرنینڈو الٹامیرانو نے اطالوی فنکار امادیو موڈیگلیانی کے 'ہیڈ آف وومین' کے مجسمے کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ڈیزائن کیا تھا۔


فوٹو: ڈائیوراچی ڈاٹ کوم

گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ویب سائٹ کے مطابق ایکوا ڈی کرسٹالو ایک نیلامی میں فروخت ہونے والی پانی کی سب سے مہنگی بوتل ہے، جس کی قیمت 60,000 ڈالر (1 کروڑ 66 لاکھ روپے سے زائد) ہے۔ کمپنی کی آفیشل ویب سائٹ بتاتی ہے کہ اس 24 قیراط سونے کی بوتل کو محدود ایڈیشن آئٹم کے طور پر بنایا گیا تھا۔
اس 750 ملی لیٹر کی بوتل میں موجود پانی کو فرانس اور فجی کے چشموں اور آئس لینڈ کے برفانی گلیشیئر سے اکٹھا کیا جاتا ہے اور اس میں 5 گرام سونے کے ذرات بھی شامل کیے جاتے ہیں۔

شیئر: