Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد پولیس کی ’وردی‘ میں غیرملکیوں کو لوٹنے کے واقعات، ملزمان کی تلاش

اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ وہ ملزمان کی تلاش کر رہی ہے۔ (فائل فوٹو)
حالیہ دنوں میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایک طرف مقامی شہری جرائم پیشہ افراد کے نشانے پر ہیں تو وہیں اسلام آباد میں مقیم غیرملکی شہریوں کو بھی لوٹا جا رہا ہے۔
اُردو نیوز کو دستیاب اسلام آباد پولیس کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران 11 مختلف واقعات میں غیرملکی شہریوں کو لوٹا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ غیرملکیوں کے ساتھ چوری اور ڈکیتی کے 11 مختلف واقعات میں سے چار میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دیگر واقعات کی ایف آئی آر کے اندراج کے بعد پولیس تحقیقات جاری ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے اعدادوشمار کے مطابق سات مارچ 2023 کو تھانہ شالیمار کی حدود میں ملزمان نے پولیس یونیفارم پہن کر چینی شہری کے ساتھ دھوکہ دہی کی۔
ملزمان کے خلاف پولیس نے دفعہ 420 کے تحت مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے تاہم پولیس کو ابھی کامیابی نہیں ملی۔
7 مارچ کو ہی اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کی حدود میں ویت نام کے شہری کے ساتھ بھی ملزمان نے پولیس یونیفارم پہن واردات کی اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف دفعہ 420 کے تحت ہی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ واقعے میں ملزمان کی تلاش جاری ہے تاہم پولیس ابھی ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔
اُردو نیوز کو دستیاب اسلام آباد پولیس کے اعدادوشمار کے مطابق 17 مارچ 2024 کو اسلام کے تھانہ کوہسار کی کی حدود میں پولیس یونیفارم پہن کر ملزمان نے یمنی شہری سے 1800 ڈالر چھین لیے۔

اسلام آباد میں اسلحے کی نوک پر شہریوں کو لوٹا گیا۔ (فوٹو: فلکر)

پولیس کے مطابق دفعہ 382/170 کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے جس میں ابھی تک پولیس کو کامیابی نہیں ملی۔
اسلام آباد پولیس کے اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ 18 مارچ کو تھانہ مارگلہ کی حدود سے ایک غیرملکی شہری کو اغوا کیا گیا۔ پولیس نے وقوعہ کی ایف آئی آر درج کر کے غیرملکی شہری کو بازیاب اور ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کو شک ہے کہ مارچ کے مہینے میں غیرملکی شہریوں کے ساتھ ڈکیتی کے تین مختلف واقعات میں ملزمان کا ایک ہی گروہ ملوث ہے جو پولیس یونیفارم پہن کر غیرملکی شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
اسلام آباد کے تھانہ سبزی منڈی کی حدود میں افغان شہری کے والد، پھپھی زاد اور خالہ زاد بہنوں کو اغوا کر لیا گیا۔ واقعے کے بعد اسلام آباد پولیس نے دفعہ 365 کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کی ہے۔ پولیس ابھی افغان شہری کے خاندان کے افراد کو تلاش کرنے میں ناکام رہی ہے۔
دو مئی کو اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ کی حدود میں غیرملکی شہری کے گھر چور داخل ہوئے جنہیں دوران ڈکیتی ہی گرفتار کر لیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف دفعہ 380/511 کے تحت مقدمے کا اندراج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق 14 مئی کو تھانہ کوہسار کی حدود میں ترکیہ کے شہری سے ملزمان نے نقدی اور موبائل فون چھین لیا۔
پولیس دفعہ 392 کے تحت ایف آئی آر کا اندراج کر کے ملزمان کو تلاش کر رہی ہے تاہم ملزمان کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
اسلام آباد پولیس کے اعدادوشمار کے مطابق 25 مئی کو تھانہ انڈسٹریل ایریا کی حدود میں ملزمان نے دو امریکی شہریوں سے نقدی اور موبائل فون چھینے اور فرار ہو گئے۔

شہریوں سے موبائل فون چھینے گئے۔ (فوٹو: ٹرسٹڈ ویوز)

پولیس نے دفعہ 392 کے تحت امریکی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے پانچ سپیشل انوسٹی گیشن ٹیمیں کام کر رہی تھیں۔ پولیس کی انڈرکور سرویلینس، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور ملزمان کے روٹ کا جائزہ لے کر اُنہیں ٹریس کیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق 26 مئی کو ایک اور غیرملکی شہری کے ساتھ تھانہ کوہسار کی حدود میں ڈکیتی کی واردات ہوئی۔ ملزمان جعلی پولیس یونیفارم پہن کر پولینڈ کے شہری سے نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں بھی ملزمان نے پولیس یونیفارم پہن کر غیرملکی شہری کے ساتھ واردات کی۔ مقدمے کے اندراج کے بعد واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
رواں سال غیرملکیوں کے ساتھ اب تک ہونے والی آخری واردات میں دو غیرملکی شہری اپنے موبائل فون سے محروم ہوئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ مارگلہ کی حدود میں دو نامعلوم افراد نے دو غیرملکی شہریوں سے قیمتی موبائل چھینے۔
پولیس نے اس واقعے پر بھی دفعہ 392 کے تحت مقدمے کا اندراج کر کے موبائل فون چھیننے والا ایک ملزم گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کو 12 گھنٹے کے اندر گرفتار کر کے دونوں موبائل فون برآمد کر لیے گئے ہیں۔

شیئر: