Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک لاکھ کے قریب پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے

پاکستان سے حج فلائٹ آپریشن 9 جون تک جاری رہے گا۔( فوٹو: اے ایف پی)
وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ 6 جون تک سرکاری سکیم کے تحت 62 ہزار500 جبکہ پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 36 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچے ہیں ۔
ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ’حج فلائٹ آپریشن 9 جون تک جاری رہے گا۔ اس سال ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی حج ادا کریں گے‘۔
پاکستان حج مشن 70 ہزار سرکاری عازمینِ حج کی میزبانی کرے گا جبکہ نجی کمپنیوں کے ذریعے 90 ہزار کے قریب پاکستانی فریضہ حج ادا کر رہے ہیں۔
عازمین حج کی خدمت کے لیے وزارت مذہبی امور کے حج میڈیکل مشن کے 375 ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل سٹاف،511 معاونین حج مکہ، مدینہ اور جدہ میں چوبیس گھنٹے کام کررہے ہیں۔ 
مکہ مکرمہ کے مرکزی کنٹرول آفس میں شعبہ انتظامیہ، شکایات منجمنٹ سیل، کال سینٹر، گمشدگی و بازیابی، حرم گائیڈز، مدینہ روانگی و آمد سیل، ویل چیئر ڈیسک، اکاونٹس سیل کام کر رہے ہیں۔ 
ڈائریکٹر مانیٹرنگ کی سربراہی میں 902 نجی حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ اور ان کے ذریعے آنے والے 90 ہزار عازمین کی شکایات کا ازالہ اور فیڈ بیک حاصل کیا جا رہا ہے۔ 
اب تک 457 نجی حج کمپنیوں کی مانیٹرنگ مکمل ہو چکی ہے۔ 85 شکایات میں سے 78 کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔
ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن  کے زیر انتظام مکہ اور مدینہ میں ایک ایک مرکزی ہسپتال اور درجن بھر ڈسپنسریاں کام کر رہی ہیں۔

شیئر: