Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان اور انڈیا کا میچ، نیو یارک میں سنائپرز تعینات

پیر کو ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم نے اپنے پہلے انٹرنیشنل ٹی20 میچ کی میزبانی کی (فوٹو: اے ایف پی)
ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں دلچسپ مقابلے جاری ہیں تاہم دنیا بھر کے کرکٹ مداحوں کی نظریں 9 جون کو ہونے والے پاک انڈیا ٹاکرے پر جمی ہوئی ہیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز 6 جون کو ڈیلس میں میزبان امریکہ کے خلاف میچ سے کرے گا جبکہ انڈیا کی ٹیم 5 جون کو آئرلینڈ کے خلاف نیو یارک میں ایکشن میں دکھائی دے گی۔
ان میچز کے بعد پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں 9 جون کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔
روایتی حریفوں کے درمیان میچ کے حوالے سے ملنے والی دھمکیوں کے باعث وینیو کی سکیورٹی غیر معمولی طور پر بڑھا دی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نساؤ کاؤنٹی ایگزیکیٹیو برُوس بلیک مین کہتے ہیں کہ ’اںڈیا اور پاکستان کا میچ ایسے ہے جیسے سپر باول (امریکن فٹبال) کے میچ کو سٹیروائڈز پر کر دیا گیا ہو۔ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ میچ اتنا بڑا ہوگا۔‘
بڑے میچ کے لیے ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم اور اس کے اردگرد بھی سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ نیو یارک سٹیڈیم کی سکیورٹی شدت پسند تنظیم داعش کی جانب سے دی گئیں دھمکیوں کے باعث بڑھائی گئی ہے۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق پاکستان اور انڈیا کے میچ کے لیے نیو یارک پولیس نے سنائپرز کو تعینات کیا ہے۔
اسی طرح میچ کے دوران پولیس افسران کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے جو ہر وقت پچ کی نگرانی کریں گے تاکہ کوئی بھی تماشائی یا غیر متعلقہ شخص پِچ کو خراب نہ کرے۔
 

پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں 9 جون کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری، سواٹ ٹیمز اور سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکار ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم میں ڈیوٹی دیں گے۔
صرف یہ ہی نہیں میچ کے دوران سٹیڈیم اور ایسن ہووَر پارک جانے والے تمام راستے بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ پیر کو ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم نے اپنے پہلے انٹرنیشنل ٹی20 میچ کی میزبانی کی۔
اس میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو بآسانی چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے تمام 55 میچز ویسٹ انڈیز اور امریکہ کے مجموعی طور پر 9 شہروں میں کھیلے جائیں گے۔
امریکہ کے تین شہر نیو یارک، ڈیلس اور فلوریڈا 55 میں سے 16 میچوں کی میزبانی کریں گے۔
ویسٹ انڈیز میں ایونٹ کے 39 میچز 6 وینیوز پر کھیلے جائیں گے جن میں گیانا، بارباڈوس، انٹیگا، ٹرینیڈاڈ، سینٹ ونسینٹ اور سینٹ لوشیا شامل ہیں۔

شیئر: