پارک المونسیہ، الرمال اور القادسیہ ڈسٹرکٹس میں ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی دارالحکومت میں ’گرین ریاض‘ پروجیکٹ کے تحت تین بڑے پارکوں کی تعمیر شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ساڑھے پانچ لاکھ مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلے ہوئے یہ پارک المونسیہ، الرمال اور القادسیہ ڈسٹرکٹس میں ہیں۔
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے انیشیٹو پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے شروع کیے جانے والے گرین ریاض پروجیکٹ کا مقصد شہریوں اور وزیٹرز کے لیے تفریحی مقامات کے ساتھ معیار زندگی کو بڑھانا ہے۔
یہ پروجیکٹ سعودی گرین انیشیٹو اور وژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس میں مملکت بھر 10 بلین درخت لگانا شامل ہے۔
منصوبے کے تحت 7.5 ملین درخت ریاض میں لگائے جائیں گے۔ شہر کے گرین ایریا کو کل رقبے کے 9 فیصد تک بڑھایا جائے گا اور پرکیپیٹا گرین سپیس کو1.7 مربع میٹر سے بڑھا کر 28 مربع میٹر تک کیا جائے گا۔
یہ اقدام شہر میں آلودگی، گردوغبار کو کم کرنے، درجہ حرارت اور ہوا کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد کرے گا۔
مشرقی ریاض کے تین بڑے پارکس بغیر کسی رکاوٹ کے وادی السلی کے قدرتی مناظر سے مل جاتے ہیں جو اس علاقے میں ہے۔ یہ پارک درختوں کے ساتھ واکنگ ٹریکس کے ذریعے سپورٹس ٹریک سے بھی منسلک ہیں۔
پارک کے کل رقبے کا 65 فیصد حصہ گرین ہے جبکہ 5 لاکھ 85 ہزار درخت لگائے جائیں گے۔ 18 کلو میٹر واکنگ ٹریل، 8.5 کلو میٹر سائیکلنگ ٹریک اور بچوں کے لیے 22 جدید پلے ایریا ہوں گے جو ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دینے کے لیے بنائے گئے ہیں۔
گرین ایمفی تھیٹر، پلازے، اوپن ایئرتھیٹر، مختلف عمر کے گروپوں کے لیے سپورٹس کی سہولتیں اور واٹر فیچرز وزیٹرز کے تجربے میں اضافہ کریں گے۔
بڑے پارکس کے علاوہ گرین ریاض منصوبے کےتحت دیگر اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ ان میں رہائشی علاقوں کو سرسبز بنانا، پارکوں کی تعمیر، اندرونی سڑکوں پر شجر کاری، فٹ پاتھ پیدل چلنے والوں کے لیے راستے کے علاوہ سکول، یونیورسٹیوں، سرکاری دفاتر، مساجد، پارکنگ لاٹس کی لینڈ سکیپنگ شامل ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں