گرین ریاض پروجیکٹ، سعودی دارالحکومت کیسا نظر آئے گا؟
اس سے شہر میں سبزہ زاروں کا تناسب 16 گنا بڑھ جائے گا۔ (العربیہ)
سعودی عرب میں ’گرین ریاض‘ پروجیکٹ کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بعد مئی میں ریاض کے رہائشی علاقوں میں شجر کاری مہم چلائی جائے گی۔ ریاض کے 137 محلوں میں درخت لگائے جائیں گے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے گرین ریاض پروجیکٹ کے عہدیدار نے بتایا کہ یہ ریاض کے چار بڑے اہم منصوبوں میں سے ایک ہے۔ شجر کاری کا آغاز ریاض کے سات محلوں سے کیا جائے گا۔ ان میں العزیزیہ اور العریجا شامل ہیں۔ یہ ریاض کے جنوب میں واقع ہیں۔
گرین ریاض پروجیکٹ کے منتظمین نے مستقبل میں دارالحکومت کے محلوں کے ممکنہ مناظر کی تصاویر پہلی بار جاری کی ہیں۔ نقشہ تیار کرلیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گرین ریاض پروجیکٹ کا اعلان شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مارچ 2019 کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے انیشیٹو پر کیا تھا۔ یہ سعودی ویژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے۔
گرین ریاض پروجیکٹ دنیا بھر میں شجر کاری اور ماحولیاتی تحفظ کے اہم ترین بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔ اس کی بدولت ریاض شہر میں سبزہ زاروں کا تناسب 16 گنا بڑھ جائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں