پرائیویٹ سیکٹر میں سعودی کارکنوں کی تعداد بڑھنے لگی
ایک ماہ میں 30 ہزار سعودی کارکنوں کو رجسٹرکیا گیا ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
نیشنل بیورو آف ایمپلائمنٹ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ’ گزشتہ ماہ پرائیویٹ سیکٹر میں 30 ہزار سے زائد سعودی کارکنوں کو رجسٹرکیا گیا ہے‘۔
عکاظ کے مطابق سعود ائزیشن کے حوالے سے مقامی شہریوں کو روزگار فراہم کرنے والے قومی ادارے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ’ پرائیویٹ سیکٹر میں سعودی کارکنوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے‘۔
گزشتہ ماہ مئی میں مملکت کے مختلف شہروں میں30881 سعودی مرد و خواتین کارکنوں کو نجی سیکٹر میں رجسٹر کیا گیا۔ یہ کارکن پہلی بار مارکیٹ میں شامل ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ’ نجی سیکٹر میں اب تک سعودی کارکنوں کی تعداد 23 لاکھ 58 ہزار 227 تک پہنچ گئی ہے جن میں 13 لاکھ 86 ہزار 904 مرد جبکہ 9 لاکھ 71 ہزار 323 خواتین کارکن شامل ہیں‘۔
مملکت کے نجی شعبے میں موجود رجسٹرڈ غیرملکی کارکنوں کی مجموعی تعداد 9012569 ہے جن میں سے 86 لاکھ 41 ہزار 249 مرد جبکہ 3 لاکھ 71 ہزار 320 خواتین کارکن شامل ہیں۔