Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلوریڈا میں سیلابی صورتحال، کیا پاکستانی ٹیم کی سپر ایٹ تک رسائی خطرے میں پڑ گئی؟

گروپ اے میں پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کے حوالے سے بری خبر سامنے آئی ہے کہ طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث فلوریڈا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
سیلابی صورتحال اور بارشوں کی وجہ سے فلوریڈا میں واقع لاؤڈر ہِل کے سینٹرل برووارڈ ریجنل پارک سٹیڈیم ٹرف گراؤنڈ میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے جس کے باعث شائقین آئی سی سی سے میچز کی منتقلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
امریکی خبر رساں ویب سائٹ این بی سی میامی کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث گورنر رون ڈی سینٹس نے فلوریڈا میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔
بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث فلوریڈا میں شیڈول ٹورنامنٹ کے میچز کی منسوخی کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کی سپر ایٹ میں رسائی خطرے میں پڑتی جا رہی ہے۔
فلوریڈا میں ٹی20 ورلڈ کپ کے تین مزید میچز کھیلے جانے ہیں جن میں 14 جون کو امریکہ اور آئرلینڈ کا اہم میچ بھی شامل ہے۔
اسی طرح کینیڈ اور انڈیا کی ٹیمیں 15 جون کو لاؤڈرہِل میں ایکشن میں دکھائی دیں گی جبکہ پاکستان اپنا آخری گروپ میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
اگر گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو انڈیا چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے، امریکہ چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، پاکستان دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، کینیڈا دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ آئرلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔
اگر امریکہ اور آئرلینڈ کے درمیان میچ بارش کے باعث منسوخ ہو جاتا ہے تو اس صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا اور یوں امریکہ سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر جائے گا جبکہ پاکستان ایونٹ سے باہر ہو جائے گا۔
 

گروپ اے میں امریکہ چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے علاوہ اگر امریکہ آئرلینڈ کو شکست دے دیتا ہے تو اس صورت میں بھی پاکستانی ٹیم کا سفر ختم ہو جائے گا۔
اگر آئرلینڈ اس میچ میں امریکہ کو شکست دے دیتا ہے اور پاکستان اپنے آخری میچ میں آئرلینڈ کو ہرا دیتا ہے تو اس صورت میں پاکستان سپرایٹ مرحلے میں کوالیفائی کر جائے گا۔
میچز کا انعقاد خطرے میں پڑتا دکھائی دینے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کرکٹ شائقین آئی سی سی سے میچز کی دوسرے وینیو پر منتقلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ایکس ہینڈل فرضی کرکٹر اپنی پوسٹ میں لکھتے ہیں کہ ’فلوریڈا کے کچھ حصوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ کیا آئی سی سی وینیو شفٹ نہیں کر سکتا؟
 

صارف لیری لیپریچاؤن لکھتے ہیں کہ ’رواں ہفتے فلوریڈا میں زیادہ کرکٹ نہیں ہونے والی۔ سری لنکا، پاکستان اور آئرلینڈ کو ایڈوانس میں ہی گڈ بائے۔ آئی سی سی کو جب علم ہے کہ بارش ہونے والی ہے تو آئی سی سی میچز کو دوسرے وینیوز پر منتقل کیوں نہیں کرتا؟
 

ایکس صارف حسن عباسین نے لکھا ’یہاں تک کہ نسیم شاہ کو بھی زبردستی یہ سٹوری ڈیلیٹ کروانی پڑی۔ پیارے آئی سی سی اگر آپ واقع میں کھیل کا فروغ چاہتے ہیں تو تین میچز فلوریڈا میں ضائع کرنے سے بہتر ہے کہ انہیں نیو یارک یا ڈیلس میں منتقل کر دیں۔ لوجسٹک کے مسائل بھی نہیں ہوں گے اور آپ کے پاس ضروری اقدامات کرنے کے لیے بھی کافی وقت ہے۔‘
 

خیال رہے کہ پاکستان نے اپنے تیسرے گروپ میچ میں کینیڈا کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔

شیئر: