گذشتہ سال 27 ملین سیاح ای ویزہ کے ذریعے مملکت آئے: وزیر سیاحت
گذشتہ سال 27 ملین سیاح ای ویزہ کے ذریعے مملکت آئے: وزیر سیاحت
جمعرات 13 جون 2024 21:33
مملکت کے دروازے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے کھلے ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ 2023 کے دوران 27 ملین سے زیادہ سیاح ای ویزے کے ذریعے مملکت پہنچے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق برازیل کے شہر ریو ڈی جینرو میں ہونے والی فیوچر انویسٹمنٹ انشیٹو فاؤنڈیشن کے تحت اجلاس میں شرکت کے دوران سعودی وزیر سیاحت احمد بن عقیل الخطیب نے کہا کہ مملکت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو اپنے یہاں سرمایہ کاری کرنے پر خیر مقدم کرتی ہے اور مملکت کے دروازے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے کھلے ہیں۔
برازیل کے صدر نے سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیر سیاحت اور ہمراہ وفد کا شاندار استقبال کیا۔
الخطیب نے کہا کہ مملکت میں سیاحت کا شعبہ ترقی کی جانب گامزن ہے اور یہاں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔
سربراہی اجلاس کے بعد ڈائیلاگ سیشن میں وزیر سیاحت نے کہا کہ سیاحت عالمی معیشت کا اہم شعبہ ہے اور ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کی جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2034 تک سیاحت کا شعبہ عالمی معیشت کا 11.4 فیصد حصہ بنے گا جو 16 ٹریلین ڈالر کے لگ بھگ ہوگا۔
الخطیب نے کہا کہ سعودی عرب دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ شراکت داری قائم کرنے کی خواہش رکھتا ہے اس سلسلے میں مملکت نے برازیل کے ساتھ 2022 میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کیے تھے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں