آئی او ایس 18: بیٹری ڈیڈ ہونے پر بھی کچھ فنکشن کام کریں گے؟
ایپل کے سافٹ ویئر آئی او ایس 18 کا فی الحال بِیٹا ورژن موجود ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی کمپنی ایپل ستمبر میں آئی فون 16 کا نیا ماڈل لانچ کرے گی جس میں ہمیشہ کی طرح نئے فیچرز متعارف کیے جائیں گے لیکن کیا کوئی ایسا فیچر ہوگا کہ فون ڈیڈ ہونے کی صورت میں بھی کچھ فنکشنز کام کرتے رہیں۔
فوربز میگزین کے مطابق نئے آئی فون ماڈل کے ساتھ ہی نیا سافٹ ویئر آئی او ایس 18 بھی لانچ ہونے جا رہا ہے اور اس کا مطلب ہے کہ بیٹری ڈیڈ ہو بھی جائے تو بھی آپ کم از کم ٹائم دیکھ سکیں گے۔
اکثر اوقات انسان ایسی صورتحال میں پھنس جاتا ہے کہ گھڑی بھی نہیں پہنی ہوتی اور فون بھی ڈیڈ ہو جاتا ہے یعنی اب آپ کے لیے ٹائم کا پتا رکھنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
اس سے پہلے ایپل نے ’پاور ریزرو‘ کے نام سے ایک انتہائی مفید فیچر متعارف کیا تھا۔ یعنی آئی فون کی بیٹری کا چارچ ختم ہونے کے بعد بھی بیک اپ بیٹری ہوتی ہے تاکہ گمنے کی صورت میں اسے تلاش کیا جا سکے۔
یہ فنکشن کم از کم پانچ گھنٹے تک کام کرتا رہے گا اور اس دوران موبائل کی سکرین پر خالی بیٹری کا نشان دکھائی دیتا ہے اور ساتھ میں یہ بھی لکھا ہوتا ہے کہ آئی فون کو تلاش کر سکتے ہیں۔
آئی او ایس 18 کے ساتھ ایک اور انتہائی مفید فیچر متعارف کروایا جا رہا ہے۔ فون ڈیڈ ہونے کی صورت میں بھی سکرین کے بائیں کونے پر ٹائم دکھائی دے رہا ہوگا۔
اگر تو آپ رات کو دیر تک جاگتے رہتے ہیں اور بیٹری ڈیڈ ہونے کے مسئلہ سے اکثر دوچار رہتے ہیں اور یہ نیا فیچر بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو فی الحال اپنا فون اپ گریڈ نہ کریں۔
کیونکہ بظاہراً یہ فیچر ہر آئی فون کے ماڈل میں موجود نہیں ہے۔ یہ صرف آئی فون 15 کے ماڈل تک محدود ہے۔
ایپل کی مصنوعات پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’میک ریومرز‘ نے اسے آئی فون 15 پرو میکس پر بھی ٹیسٹ کیا ہے اور اس پر کام کر رہا تھا لیکن آئی فون 14 پرو میکس پر ٹائم نہیں دکھائی دے رہا تھا۔
اس نئے سافٹ ویئر کو آئے ہوئے صرف کچھ دن ہی ہوئے ہیں اور ٹرائل کے لیے اس کا ڈویلپر بِیٹا ورژن ڈاؤن لوڈنگ کے لیے موجود ہے۔