Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ اور مدینہ میں بچوں کی نگہداشت کے مراکز

مراکز میں بچوں کی خدمت کے لیے مختلف زبانیں جاننے والا عملہ موجود ہے۔ فوٹو عرب نیوز
رواں سال مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تقریباً 32 بچوں کے مہمان نوازی کے مراکز قائم ہیں جہاں ایسے بچوں کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے جن کے والدین حج پر ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی وزارت انسانی وسائل و سماجی بہبود کی طرف سے وزارت حج و عمرہ کے اشتراک سے یہ نگہداشت مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
مراکز میں ہر روز ایک سے 10 سال کی عمر کے 1000 سے زیادہ بچے اور بچیوں کے لیے مختلف سہولیات موجود ہیں۔
ان مراکز میں بچوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ ان کی  تعلیم اور تربیتی کلاسز کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
وزارت انسانی وسائل و سماجی بہبود  کے ترجمان محمد الرزقی نے بتایا ہے کہ  مراکز میں محفوظ اور آرام دہ ماحول ہے جہاں مشاورت کے لیے مستند عملہ اور خصوصی نگران ٹیم موجود ہے جو بچوں کی دلچسپیوں پر توجہ رکھتے ہیں۔
مراکز میں مختلف سہولیات کے ساتھ ڈائننگ ہال ہے جہاں بچوں کو ان کی پسند کا صحت مندکھانا مہیا کیا جاتا ہے۔
بچوں کی نیند کا خاص خیال رکھنے کے لیے بستر موجود ہیں، جسمانی نشو و نما و کھیلوں کے اور جسمانی سرگرمیوں کے لیے خاص جگہ مخصوص ہے۔

نگہداشت مرکز میں میزبانی کےعلاوہ تفریحی سرگرمیاں فراہم کی جاتی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

محمد الرزقی نے بتایا ان مراکز کے قیام کا خاص مقصد ضیوف الرحمان کو مکمل توجہ اور تعظیم کے ساتھ حج کے مناسک ادا کرنے کے لیے انتہائی پرسکون ماحول فراہم کرنا ہے۔
یہ مراکز 10 سال تک کی عمر کے بچوں کی محفوظ ماحول میں میزبانی کے علاوہ ان کی صحت، سماجی اور نفسیاتی پروگراموں کے ساتھ تفریحی سرگرمیاں فراہم کرتے ہیں۔

مراکز میں 1000 سے زیادہ بچوں کے لیے سہولیات موجود ہیں۔ فوٹو واس

ترجمان نے مزید بتایا کہ میزبانی کے ان مراکز میں تمام قومیتوں کے بچوں کو خدمات فراہم کی جاتی ہیں جس کے لیے مختلف زبانیں جاننے والا عملہ موجود ہے جو بچوں کی ضروریات کا احسن طریقے سے خیال رکھ سکے۔
 

شیئر: