Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج اختتامی مراحل میں داخل، حجاج آج دوسرے دن کی رمی کریں گے

حج 2024 اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو گیا ہے جبکہ حجاج آج دوسرے دن کی رمی کریں گے۔ 
اتوار کو حجاج کی بڑی تعداد پہلے دن کی رمی کے بعد طواف افاضہ کے لیے مکہ مکرمہ پہنچ رہی ہے جبکہ حجاج کی جانب سے بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔
 قبل ازیں حجاج میدان عرفات میں دن گزارنے کے بعد مزدلفہ پہنچے۔ وہاں پہنچ کر انہوں نے مغرب اور عشاء کی نماز ادا کی۔
مزدلفہ میں حجاج نے رمی کے لیے کنکریاں جمع کیں اور اس کے بعد وہ منی روانہ ہوئے۔
جمرات پر بہترین انتظامات کی وجہ سے حجاج کو رمی کے لیے کسی قسم کا پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا۔ جمرات پر مشاعر مقدسہ ٹرین کے تینوں سٹیشن مکمل گنجائش کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
حج 2024 کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد حجاج نے جمعے کی شب مزدلفہ کے میدان میں قیام کیا جہاں سے انہوں نے کنکریاں اکھٹی کیں اور سنیچر کی صبح سویرے ہی منیٰ پہنچ گئے۔
حجاج نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جمرا عقبہ ’بڑا شیطان‘ کو کنکریاں ماریں۔
جمرات پل کی جانب جانے والے تمام راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے تاکہ حجاج کی آمد ورفت کو منظم رکھا جا سکے۔
انتظامیہ کی جانب سے منیٰ میں جمرات پل تک جانے اور واپسی کے راستوں کو جدا کیا گیا ہے۔
منیٰ کے تمام راستوں پر سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جو انتہائی خوش اخلاقی سے حجاج کی نہ صرف رہنمائی کر رہے ہیں بلکہ انہیں گرمی کی شدت سے بچانے کے لیے پانی کی پھوار برساتے ہیں۔
منیٰ کی تمام سڑکوں پر نصب خصوصی فواروں کے ذریعے صبح سے ہی پانی کی پھوار برسانے کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد ہوا کو ٹھنڈا رکھنا ہے۔

شیئر: