Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: 70 برس سے زائد عمر کے ہر شہری کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ

دروپدی مرمو نے کہا کہ ’سکیم کے تحت 55 کروڑ مستحقین کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں‘ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا کی صدر دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ آیوشمان بھارت ہیلتھ انشورنس سکیم کے تحت 70 برس سے زائد عمر کے ہر انڈین شہری کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق دروپدی مرمو نے جمعرات کو پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 25 ہزار جن اوشدھی کیندر (سستی ادویات فراہم کرنے کے مراکز) کھولنے کا کام بھی تیز رفتاری سے جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آیوشمان بھارت- پردھان منتری جن آروگیہ سکیم کے تحت 55 کروڑ مستحقین کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انڈین صدر نے کہا کہ ’اس کے علاوہ حکومت اس سلسلے میں ایک اور فیصلہ کرنے جا رہی ہے۔ اب 70 سال سے زیادہ عمر کے ہر بزرگ کو بھی آیوشمان بھارت سکیم کے تحت مفت علاج کی سہولت ملے گی۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق آیوشمان بھارت- پردھان منتری جن آروگیہ سکیم دنیا کی سب سے بڑی عوامی فنڈڈ ہیلتھ انشورنس سکیم ہے، جس کا مقصد 12 کروڑ خاندانوں کو ہسپتال میں داخل ہونے کے لیے فی خاندان پانچ لاکھ روپے تک علاج کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

شیئر: