Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ونس اگین ‘جدہ سیزن کا افتتاح، شاندار آتشبازی اور ڈرون شوز

ڈپٹی گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل کی زیر سرپرستی جدہ سیزن 2024 کا افتتاح جمعرات کی شب کورنیش پرکردیا گیا۔ اس موقع پرکمشنر جدہ  شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلوی بھی موجود تھے۔
سبق نیوز کے مطابق امسال جدہ سیزن کا سلوگن’ونس آگین ‘ رکھا گیا ہے ۔ افتتاحی تقریب ہزاروں شائقین کی موجودگی میں ساحلی تفریحی گاہ ’جدہ آرٹ پرومیڈا ‘ پر منعقد کی گئی ۔
افتتاحی تقریب میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ انتہائی مہارت سے ہزاروں ڈرونز کے ذریعے خوبصورت شوز پیش کیے گئے۔
جدہ سیزن 2024 کی افتتاحی تقریب میں آنے والوں کے لیے ٹرانسپورٹ کے حوالے سے  خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔
ساحلی تفریحی مقام پر آنے والوں کے لیے خصوصی شٹل سروس کا انتظام تھا جس کے ذریعے شائقین  پارکنگ یارڈ سے تقریب گاہ تک پہنچتے۔ جبکہ شاہراہوں پربھی اسٹاف کو تعینات کیا گیاتھا جو لوگوں کی آمد ورفت کو منظم کررہے تھے۔

آتشبازی کا انتظام ساحلی تفریح گاہ پرکیا گیا تھا(فوٹو، ایکس )

آتشبازی اور ڈرون شو کا آغازساڑھے نو بجے شب کیا گیا جو آدھا گھنٹہ تک جاری رہا۔ ڈرونز کے ذریعے ’جدہ سیزن 2024‘ ’خوش آمدید‘ اور دیگر کلمات تحریر کیے گئے جبکہ آتشبازی کے خوبصورت شوز کو لوگوں نے بے حد سراہا۔
واضح رہے محکمہ تفریحات کی جانب سے جدہ میں سالانہ بنیاد پر موسم گرما کی تعطیلات میں ساحلی علاقوں میں تفریح کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں مختلف رنگا رنگ شوز، خوبصورت سرکس  کے علاوہ بچوں کے لیے کھیلوں کا انتظام بھی ہے۔

  شہر کے مختلف مقامات پرتفریحی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی (فوٹو، ایکس اکاونٹ)

جدہ سیزن کے تحت شروع ہونے والے تفریحی پروگرامزنہ صرف ساحلی علاقے میں منعقد کیے جارہے  بلکہ شہر کے دیگر مقامات پربھی مختلف نوعیت کے پروگرامز منعقد ہوں گے۔
’ونس اگین‘ سلوگن کے ساتھ شروع ہونے والے جدہ سیزن 2024 کے پروگرامزامیر ماجد پارک اور بلد کے قدیم علاقے میں بھی پیش کیے جائیں گے۔

شیئر: