ریاض میں’سفارتی کام میں خواتین کے کردار‘ کے عنوان سے سمپوزیم
ریاض میں’سفارتی کام میں خواتین کے کردار‘ کے عنوان سے سمپوزیم
اتوار 30 جون 2024 20:36
سعودی نائب وزیر خارجہ الخریجی نے سپموزیم میں شرکت کی (فوٹو: ایس یی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سرپرستی میں اتوار کو وزارت نے پرنس سعود الفیصل انسٹی ٹیوٹ ڈپلومیٹک سٹڈیز میں ’سفارتی کام میں خواتین کے کردار‘ کے عنوان سے ایک سمپوزیم کا اہتمام کیا۔
سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید بن عبدالکریم الخریجی نے سپموزیم میں شرکت کی۔
سعودی نائب وزیر خارجہ نے ڈپلومیٹک کور میں خواتین کی موجودگی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ’سعودی قیادت میں مملکت میں خواتین کو بااختیار بنانے کے عمل میں وژن 2030 کے فریم ورک کے تحت مختلف شعبوں میں موثر اور ٹھوس اقدامات دیکھنے میں آئے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’آج سعودی خواتین سفیر ہیں، بین الاقوامی اداروں اور تنظیموں میں رہنما ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر مذاکرات کار ہیں اور بین الاقوامی مشنوں میں قوم کی نمائندگی کرتی ہیں‘۔
سپموزیم میں کئی اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا جن میں سفارتی کام میں خواتین کا تجربہ، حاصل کی جانے والی کامیابیاں، مواقع اور چیلنجز شامل ہیں۔
سعودی عرب میں سویڈن کی سفیر ایناس الشھوان، امریکی سفارتخانےکی ڈپٹی ہیڈ آف مشن الیسون دیلورتھ آسٹریلوی سفارتخانے کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن کم ریلسٹون اور برطانوی سفارتخانے کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن ڈاکٹر ایلس بیرٹ نے سمپوزیم میں شرکت کی۔