مملکت میں آج کا موسم ، کن علاقوں میں بارش ہوگی ؟
جمعرات 4 جولائی 2024 12:18
بعض علاقے گردو غبار کی لپیٹ میں رہیں گے (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
قومی مرکز برائے موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ جمعرات کے روز مملکت کے متعدد شہروں میں گردو غبار اور گرمی کا سلسلہ جاری رہے گا۔
قومی مرکز کی جانب سے جاری یومیہ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ نجران ، جازان اورعسیر میں آج بروز جمعرات موسم گرد آلود رہے گا جس کی وجہ سے اللیث اور جازان کی شاہراہ کے علاوہ مشرقی اورریاض ریجن کے جنوبی علاقے بھی اس سے متاثر ہوں گے۔
جازان ، عسیر اورالباحہ کے بالائی علاقوں کے بعض مقامات پربارش کا بھی امکان ہے جبکہ مشرقی ریجن میں گرمی کی شدت میں اضافے کی توقع ہے۔
دوسری جانب موسمیات کے قومی مرکز نے الباحہ اور عسیر ریجن میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ موسمیاتی ریڈار کے مطابق جمعرات کے روز عسیر ، ابھا اور احد رفیدہ کے علاوہ الحجرہ ، المخواہ اور فرعہ کے علاقوں میں دوپہر کو شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات تک جاری رہے گا۔