Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اننت امبانی کی شادی سے قبل محفل موسیقی کے باعث ممبئی کی ٹریفک متاثر، عوام سیخ پا

انڈیا کے سب سے امیر شخص مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی 12 جولائی کو ہوگی۔
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے قبل ممبئی میں نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر میں محفل موسیقی کا اہتمام کیا گیا جس میں کینیڈین سنگر جسٹن بیبر سمیت بالی وڈ اور انڈیا کی مشہور شخصیات نے شرکت کی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس موسیقی کی تقریب کے باعث ممبئی شہر کے کچھ حصوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
جمعے کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ممبئی ٹریفک پولیس کی جانب سے پوسٹ میں اس تقریب اور پھر 12 جولائی سے 15 جولائی تک ہونے والی شادی کے دوران ٹریفک پلان کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
ممبئی پولیس نے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں ہونے والی شادی کی تقاریب کو ’پبلک ایونٹ‘ قرار دیتے ہوئے ٹریفک پلان جاری کیا۔
 
اس پوسٹ کے جواب میں  شہریوں کی جانب سے ممبئی پولیس پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
ہرش شاہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’کیا اننت امبانی کی شادی ایک عوامی ایونٹ ہے؟ کسی کی شادی کی وجہ سے عام عوام کیوں تنگ پڑیں؟‘
 
منیش این کوپارکر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’حکومت کب سے نجی تقریب میں شامل ہونے لگ پڑی ہے؟‘
 
ایکس صارف نوین نے لکھا کہ ’عوامی تقریب؟ کیا اچھا مذاق ہے۔‘
 
خیال رہے کہ امبانی خاندان کی جانب سے شادی کا تین روزہ جشن رواں سال مارچ میں جام نگر میں منایا گیا تھا جس میں بالی وُڈ سمیت دنیا بھر کی نامور شخصیات نے شرکت کی تھی۔
 
اس کے علاؤہ امبانی خاندان نے شادی کا دوسرا جشن 29 مئی سے یکم جون تک اٹلی اور جنوبی فرانس میں کروز پر منایا تھا۔
 
یاد رہے کہ 2018 میں مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی ہوئی تھی جسے انڈیا کی مہنگی ترین شادی مانا جاتا ہے۔
 
ایشا امبانی کی شادی میں 10 کروڑ ڈالر کا خرچہ ہوا تھا اور اس شادی سے قبل اُدے پور میں منائے گئے جشن میں امریکی گلوکارہ بیونسے نے پرفارم کیا تھا۔

شیئر: