جسٹن بیبر اننت امبانی کی شادی میں پرفارم کرنے کے کتنے پیسے لے رہے ہیں؟
جسٹن بیبر اس شادی میں پرفارم کرنے کے لیے جمعرات کو انڈیا پہنچے۔ (فوٹو: انڈین میڈیا)
مشہور کینیڈین سنگر جسٹن بیبر آج یعنی جمعے کو ایشیا کے امیر ترین کاروباری شخص مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کے میوزک فنکشن میں پرفارم کریں گے۔
انڈین میڈیا کے مطابق اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ ممبئی میں واقع جیو ورلڈ کنونشن سینٹر میں 12 جولائی کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
جسٹن بیبر اس شادی میں پرفارم کرنے کے لیے جمعرات کو انڈیا پہنچے۔
پرتگالی پورٹل لیو ڈیاس کے مطابق جسٹن بیبر امبانی خاندن کی شادی میں پرفارم کرنے کے لیے ایک کروڑ ڈالر (10 ملین ڈالر) لے رہے ہیں۔
اس سے قبل انڈیا ٹوڈے نے خبر دی تھی کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں مشہور برطانوی گلوکارہ اڈیل، کینیڈین ریپر ڈریک اور امریکی گلوکارہ لانا ڈیل رے بھی امبانی خاندان سے رابطے میں ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق یہ تمام فنکار 12 جولائی سے 14 جولائی تک ہونے والی اس شادی میں پرفارم کرنے کے لیے انڈیا آ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ امبانی خاندان کی جانب سے شادی کا تین روزہ جشن رواں سال مارچ میں جام نگر میں منایا گیا تھا جس میں بالی وُڈ سمیت دنیا بھر کی نامور شخصیات نے شرکت کی تھی۔
اس کے علاوہ امبانی خاندان نے شادی کا دوسرا جشن 29 مئی سے یکم جون تک اٹلی اور جنوبی فرانس میں کروز پر منایا تھا۔
یاد رہے کہ 2018 میں مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی ہوئی تھی جسے انڈیا کی مہنگی ترین شادی مانا جاتا ہے۔
ایشا امبانی کی شادی میں 10 کروڑ ڈالر کا خرچہ ہوا تھا اور اس شادی سے قبل اُدے پور میں منائے گئے جشن میں امریکی گلوکارہ بیونسے نے پرفارم کیا تھا۔