مکہ مکرمہ (محمد عامل عثمانی) پاکستان کے سابق وفاقی وزیر مذہبی امور اور قومی اسمبلی کے ممبر اعجاز الحق نے کہا ہے کہ مودی کے وزیر اعظم بن جانے کے بعد کشمیر میں ریاستی دہشت گردی عروج پر ہونے کے باوجود عالمی طاقتیں دیکھ لیں کہ کشمیری کیا چاہتے ہیں۔ ہندوستان کے مقابلہ میں پاکستان کی فتح پر انکی خوشیاں اسکا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ تقریباً 4ماہ سے سرینگر میں ہڑ تال اور کشمیری مردو خواتین کا احتجاج جاری ہے۔ ہندوستانی 8لاکھ فوج کے مظالم کے خلاف دنیا کی عموماً اور امریکہ سمیت مغرب کی خاموشی بہت افسوس ناک ہے۔ انھوں نے پاکستان کے حالات پر کہا کہ جب سے گوادر پر کام میں ہلچل ہوئی ہے۔ اس وقت سے مخالف قوتیں بھی اپنا زور دکھارہی ہیں اور ان حالات میں قوم کو بھی سمجھ داری سے کام لینا ہوگا ’ بعض دشمن ممالک کی فنڈنگ اور اشاروں پرسیاسی جماعتیں ایسے وقت میں ملک مخالف ڈگر پر چلتی نظر آرہی ہیں جنکا ہر کردار مشکوک ہوتا جارہا ہے ۔ اعجازالحق نے موجودہ جاری حکومتی مخالف عدالتی تحقیقات پر کہا کہ پہلے بھی وزرائے اعظم عدالتوں کا سامنا کرتے رہے ہیں البتہ اس دفعہ جے آئی ٹی کی تشکیل ہوئی ہے جسکے ذریعے تاریخی تحقیقات جاری ہیں اور ہمیں نتائج کا انتظار کرنا ہوگا۔