بلوچستان میں ایران سے سمگل شدہ 15 ہزار لیٹر ڈیزل ضبط کر لیا گیا
ضلع لسبیلا اور حب کے درمیان تین گاڑیوں میں سے 5 ہزار 270 لیٹر ڈیزل برآمد ہوا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی کوسٹ گارڈز نے صوبہ بلوچستان میں سمگل ہونے والا 15 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل ضبط کر لیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستانی گوسٹ گارڈز نے اوتھل چیک پوسٹ پر معمول کی چیکنگ کے دوران دو گاڑیوں میں سے 10 ہزار 370 لیٹر غیرقانونی ایرانی ڈیزل برآمد کیا۔
ایک اور آپریشن میں بلوچستان کے ضلع لسبیلا اور حب کے درمیان تین گاڑیوں میں سے 5 ہزار 270 لیٹر ڈیزل برآمد ہوا۔
رواں سال کے آغاز میں پاکستان فرنٹیئر کانسٹیبلری فورس نے سندھ اور بلوچستان کی سرحد پر تقریباً تین لاکھ 79 ہزار لیٹر سمگل شدہ ایرانی ڈیزل ضبط کیا تھا۔
گزشتہ سال مئی میں پاکستانی پیٹرولیم ڈیلرز نے ملک میں ایرانی ایندھن کی سمگلنگ میں اضافے کا معاملہ اٹھایا تھا۔
ڈیلرز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فروخت ہونے والا 35 فیصد ڈیزل غیرقانونی طریقے سے ایران سے آتا ہے۔
ایرانی پیٹرولیم مصنوعات ایران سے بلوچستان کے راستے باقاعدگی سے سمگل ہوتی ہیں۔ ایران کم پیداواری لاگت، بین الاقوامی پابندیوں اور کمزور کرنسی کی وجہ سے دنیا کا سب سے سستا پیٹرول اور ڈیزل فراہم کرتا ہے۔
ایران اور پاکستان کے درمیان 900 کلومیٹر طویل سرحد پر غیرقانونی سرگرمیوں کا ہونا معمول کی بات ہے۔