جنوبی افریقہ میں ہاتھی نے ہسپانوی سیاح کو روند کر ہلاک کر دیا
پارکس اینڈ ٹورسٹ بورڈ کے سربراہ کے مطابق ہسپانوی سیاح کے باقی ساتھی محفوظ ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کے ایک پارک میں ہاتھی نے ایک ہسپانوی سیاح کو کچل کر ہلاک کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پیلانسبرگ نیشنل پارک کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کو اس وقت پیش آیا جب 43 سالہ سیاح تصاویر کھینچنے کے لیے گاڑی سے باہر نکلا۔
یہ پارک جوہانسبرک کے شمال مغرب میں لگ بھگ 200 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
پولیس کے مطابق یہ سیاح اپنی منگیتر اور دو خواتین کے ہمراہ اپنی گاڑی میں پارک سے گزر رہا تھا کہ ان کی نگاہ تین ہاتھیوں اور ان کے بچوں پر پڑی۔
پولیس کے ترجمان سباتا موکوابونے نے بتایا کہ ’اطلاعات کے مطابق اس سیاح نے وہاں گاڑی روکی اور تصاویر بنانے کے لیے وہ ہاتھیوں کے قریب چلا گیا۔‘
شمال مغربی صوبے کے پارکس اینڈ ٹورسٹ بورڈ نے بتایا کہ اس دوران ’ایک بڑے ہاتھی نے سیاح پر حملہ کر دیا جس کے بعد ہاتھی دیگر گاڑیوں کے قریب سے ہوتے ہوئے جنگل میں غائب ہو گئے۔‘
بورڈ کے سربراہ پیٹر نیل کے مطابق ہاتھی سیاح کو اپنی جانب بڑھتا ہوا دیکھ کر ’مشتعل‘ ہو گئے تھے۔ ’ہاتھیوں کے ہاں اپنے بچوں کے تحفظ کے لیے اس طرح کا رویہ معمول کی چیز ہے۔ اکثر سیاح یہ نہیں سمجھتے کہ یہ جانور کس قدر خطرناک ہو سکتے ہیں۔‘
بورڈ کے سربراہ کے مطابق ہسپانوی سیاح کے باقی ساتھی محفوظ ہیں اور اس واقعے کی مزید تحقیق کی جا رہی ہے۔
اس خطے میں ہاتھیوں کے حملے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ سنہ 2021 میں ایک مشتبہ شکاری کو بھی کروگر نیشنل پارک میں ہاتھیوں نے ہلاک کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ پڑوسی ملک زمبابوے میں گزشتہ برس جنگلی جانوروں نے 50 افراد کو ہلاک جبکہ 85 کو زخمی کر دیا تھا۔ اس واقعے میں بھی زیادہ تر ہاتھی ہی شامل تھے۔
پیلانسبرگ اور جنوبی افریقہ کے دیگر جنگلی حیات کے لیے مخصوص علاقوں میں سیاحوں کو ڈرائیونگ کے دوران گاڑیوں کے شیشے بند رکھنے اور نیچے نہ اترنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔