Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدارتی انتخاب: روس ڈونلڈ ٹرمپ کو فاتح کے طور پر ترجیح دیتا ہے، امریکی عہدیدار

ڈونلڈ ٹرمپ یوکرین کو امریکی فوجی امداد فراہم کرنے کی مخالفت کر چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی خفیہ ایجنسی کے عہدیدار نے کہا ہے کہ رواں سال ہونے والے صدارتی انتخابات کے حوالے سے روس کی ترجیحات برقرار ہیں اور وہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ہی حمایت کرتا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی انتخابات میں سکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دینے والے انٹیلی جنس عہدیدار نے ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لیے بغیر کہا کہ روس سابق صدر کی حمایت کرتا ہے اور پچھلے انتخابات کے مقابلے میں امریکی خفیہ ایجنسیوں کے جائزے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
انٹیلی جنس ایجنسیوں کے جائزے کے مطابق 2016 کے انتخابات میں روس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ہیلری کلنٹن اور 2020 کے انتخابات میں جو بائیڈن کے خلاف جتوانے کے لیے انتخابی مہم پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی تھی۔
ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کے دفتر (او ڈی این آئی) کے عہدیدار نے کہا کہ ’امریکہ کے یوکرین میں کردار اور روس کی جانب جامع پالیسی کو مدنظر رکھا جائے تو ماضی کے صدارتی انتخابات کے مقابلے میں ہم نے ماسکو کی ترجیحات میں تبدیلی نہیں دیکھی۔‘
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کی یوکرین کے لیے بڑے پیمانے پر فوجی امداد کی مخالفت کر چکے ہیں اور ایک موقع پر صدر ولادیمیر زیلنسکی کو ’سب سے بڑا سیلز مین‘ بھی کہا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے دورِ حکومت میں قومی سلامتی کے دو مشیروں نے یوکرین کے لیے امریکی فوجی امداد کے خاتمے کا پلان بھی پیش کیا تھا۔
جبکہ نیٹو کے حوالے سے پالیسی پر ڈونلڈ ٹرمپ کا مؤقف تھا کہ وہ روس کی ’حوصلہ افزائی‘ کریں گے کہ ان اتحادی ارکان ’کے ساتھ جو چاہے کرے‘ جو دفاع پر کافی خرچ نہیں کرتے اور وہ ایسے ارکان کا دفاع نہیں کریں گے۔
او ڈی این آئی کے عہدیدار نے شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر اپنے ساتھیوں، ایف بی آئی اور دیگر ایجنسیوں کے عہدیداروں کے ہمراہ صحافیوں کو بریفنگ دی۔

امریکی خفیہ اداروں کے اندازے کے مطابق صدارتی انتخابات میں روس ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کر رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے کہا کہ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ’خلل ڈالنے یا ان کی ساکھ کو متاثر کرنے کے حوالے سے امریکہ نے کسی بھی ملک کے پلان کو مانیٹر نہیں کیا۔‘
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لیکن روس سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کے ذریعے امریکی ووٹرز کے مخصوص گروپس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین کو امریکی امداد اور متعلقہ معاملات پر صدارتی امیدواروں کے نظریات کو مدنظر رکھتے ہوئے روس ان کی حمایت یا مخالفت کر رہا ہے۔
’یہ تمام ہتھکنڈے ہم پہلے بھی دیکھ چکے ہیں بالخصوص سوشل میڈیا کے ذریعے اور امریکی رائے کا استعمال کرتے ہوئے (روس) اپنے بیانیے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔‘
چین کے متعلق عہدیدار کا کہنا تھا کہ فی الحال بیجنگ صدارتی انتخابات کے نتائج پر اثرانداز ہونے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

شیئر: