’کنگ کر لے گا، ساکا کر لے گا‘ کیا واقعی فیفا نے حسن علی کا ڈائیلاگ پوسٹ کیا؟
عارف لوہار کے وائرل گانے ’آ تینوں موج کراواں‘ کے بول شامل کر کے لائنل میسی کی سالگرہ پر ایک پوسٹ کی گئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مختلف خطوں میں اُن کی زبان اور انداز کے مطابق پوسٹس کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
یورو کپ اور کوپا امریکہ کے دوران فیفا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے پاکستان میں موجود ریجینل اور ٹارگٹ آڈینس کے لیے اُردو مواد پوسٹ کیا جا رہا ہے جسے دیکھ کر فٹبال شائقین حیرانی اور خوشی میں مبتلا ہیں۔
فیفا کی جانب سے گزشتہ ماہ پاکستانی پنجابی سنگر عارف لوہار کے وائرل گانے ’آ تینوں موج کراواں‘ کے بول شامل کر کے لائنل میسی کی سالگرہ پر ایک پوسٹ کی گئی تھی۔
اس کے بعد 8 جولائی کو فیفا کی جانب سے پوسٹ کی گئی جس میں انگلش فٹبالر بوکایو ساکا کی تصویر لگا کر لکھا گیا کہ ’ساکا کر لے گا۔‘
فیفا نے یہ کیپشن پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی کی ایک پوڈکاسٹ میں کپتان بابر اعظم کے لیے بولے گئے مشہور جملے "کنگ کر لے گا" سے متاثر ہو کر لگایا۔
دراصل فیفا دنیا بھر کے شائقین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کسی ایک ملک یا خطے میں مخصوص پوسٹ کرتا ہے۔
یہ مخصوص پوسٹ ورلڈ وائڈ نظر نہیں آتی بلکہ صرف اسے اس خطے کے صارفین ہی دیکھ سکتے ہیں جن کے لیے وہ پوسٹ کی گئی ہو۔
لائنل میسی کی سالگرہ کے روز کی پوسٹ، پاکستانی فٹبالر اوٹس خان کی عید کی پوسٹ اور حسن علی کی ڈائیلاگ والی پوسٹ بھی صرف پاکستانی صارفین اور شائقین کے لیے ہی مخصوص پوسٹ تھی۔