سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان سویلین خلائی تحقیق کے معاہدے پر دستخط
منگل 16 جولائی 2024 19:36
معاہدہ ایک مضبوط خلائی شعبے کی ترقی کی جانب سفر ہے ( فائل فوٹو: الریاض)
سعودی عرب اور امریکہ نے ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان سویلین خلائی تحقیق کے شعبے میں تعاون کو بڑھانا ہے۔
امریکہ کی جانب سے ناسا کے ایڈمنسٹریٹر بل نیلسن اورسعودی خلائی ایجنسی کے سی ای او محمد بن سعود التمیمی نے معاہدے پر دستخط کیے۔
یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کوآسان اور مضبوط بنانے کےلیے ایک قانونی فریم ورک فراہم کرے گا۔
ایس پی اے کے مطابق تعاون کےشعبوں میں خلائی اور زمینی سائنس، ایوی ایشن، خلائی مشن اور تعلیم شامل ہیں۔
سعودی خلائی ایجنسی کے چیئرمین عبداللہ السواحہ نے کہا کہ’ یہ معاہدہ ایک مضبوط خلائی شعبے کی تعمیر کی جانب سعودی عرب کے سفرمیں ایک اہم موڑ کی نمائندگی کرتا ہے‘۔
انہوں نے خلائی شعبے میں جدت طرازی اور ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے مملکت کے عزم کو اجاگر کیا۔
سعودی خلائی ایجنسی کے سی ای او ڈاکٹر محمد التمیمی نے کہا کہ’ یہ شراکت داری مشترکہ مفادات کی نشاندہی کرے گی جس سے سعودی عرب سائنسی اور تیکنیکی ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکے گا۔ اس تعاون کا مقصد خلائی صنعت میں سعودی عرب کے علاقائی اور عالمی اثر ورسوخ کو بڑھانا ہے‘۔
امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’اس معاہدے میں آرٹیمیس معاہدے کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا گیا ہے جس پر امریکہ نے اکتوبر 2020 میں اور سعودی عرب نے جولائی 2022 میں دستخط کیے تھے‘۔