Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنوں حملہ: پاکستان کا افغانستان سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

آئی ایس پی آر  کا کہنا ہے کہ فوج کے شہدا کو ان کے  آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے 15 جولائی کو بنوں چھاؤنی پر ہونے والے دہشت گردوں کے حملے میں افغان سرزمین کے استعمال پر افغانستان سے شدید احتجاج کیا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بنوں چھاؤنی پر ہونے والے حملے پر پاکستان نے اسلام آباد میں افغان سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کیا۔
بیان کے مطابق افغان ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو ڈیمارش دیتے ہوئے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بنوں چھاؤنی پر حملہ افغانستان میں موجود حافظ گل بہادر گروپ نے کیا جو تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کے ساتھ مل کر پاکستان کے اندر متعدد دہشت گرد حملے کر چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق حافظ گل بہادر گروپ پاکستان میں سینکڑوں شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی ہلاکتوں کا ذمہ دار ہے۔
افغانستان کی عبوری حکومت پر زور دیا کہ وہ مکمل تحقیقات کرے اور بنوں حملے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری، بھرپور اور موثر کارروائی کرے اور افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف ایسے حملوں کو روکے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے اندر دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ تنظیمیں پاکستان کی سلامتی کو خطرہ میں ڈال رہی ہیں جبکہ ایسے واقعات دونوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات کی روح کے بھی منافی ہیں۔
’بنوں کنٹونمنٹ حملہ علاقائی امن و سلامتی کو دہشت گردی سے لاحق سنگین خطرے کی ایک مرتبہ پھر یاد دہانی کراتا ہے۔‘
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے اور اس لعنت سے نمٹنے اور تمام خطرات کے خلاف اپنی سلامتی برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
15 جولائی کو بنوں چھاؤنی پر دہشت گردوں کے حملے میں 8 سیکیورٹی اہلکار مارے گئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی اداروں کی جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔

بنوں چھاؤنی پر 15 جولائی کو دہشت گردوں کے حملے میں 8 سکیورٹی اہلکار مار گئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

دریں اثنا فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بنوں کینٹ پر خودکش حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہدا کو سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر  کا کہنا ہے کہ فوج کے شہدا کو ان کے  آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نائب صوبیدار محمد شہزاد شہید،حوالدار شہزاد احمد شہید، حوالدار ظلِ حسین شہید، سپاہی ارسلان اسلم شہید، سپاہی اشفاق حسین خان شہید، سپاہی سبحان مجید شہید، سپاہی امتیاز خان شہید اور فرنٹئیر کانسٹیبلری کےلانس نائیک سبز علی خان شہید کو سپرد خاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئرافسران، جوانوں، لواحقین اور علاقہ  عمائدین نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہےکہ دہشتگردی کی لعنت اور آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی اور  شہداء کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔

شیئر: