پٹنہ۔۔۔۔این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کوند بہار کے گورنر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔مغربی بنگال کے گورنر کیشری ناتھ ترپاٹھی کو اضافی چارج دیدیا گیا۔انہوں نے یہ استعفیٰ صدارتی امیدوار بنائے جانے کے ایک دن بعد دیا۔صدر پرنب مکھر جی نے استعفیٰ قبول کرلیا۔منگل کی صبح کوند نے نئی دہلی میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ سے ملاقاتیں کیں۔کوند دلت رہنما ہیں جو 2مرتبہ یوپی سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے۔انہیں 2015ء میں بہار کے انتخابات سے قبل گورنر بنایا گیا تھا۔صدارتی امیدوار کے طور پر ان کے نام سے ہر ایک کو ہی حیرت ہوئی ہے۔بی جے پی کو امید ہے کہ اپوزیشن ان کی حمایت کریگی تاہم کانگریس نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے اپوزیشن پارٹیوں سے مشورہ کئے بغیر کوند کو صدارتی امیدوار نامزد کیا۔ بہوجن سماج پارٹی کی رہنما مایاوتی نے ابتک کوند کی حمایت کا کوئی اعلان نہیں کیا۔