شاہ سلمان مرکز کی غزہ متاثرین کے لیے ایئرڈراپ مہم جاری
شاہ سلمان مرکز کی غزہ متاثرین کے لیے ایئرڈراپ مہم جاری
جمعہ 19 جولائی 2024 18:51
ایئرڈراپ کے ذریعے خوراک کے پیکٹس متاثرین تک پہنچائے جاتے ہیں(فوٹو، ایکس )
شاہ سلمان امدادی مرکز کے ترجمان ڈاکٹر سامر الجطیلی کا کہنا ہے کہ غزہ میں امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ ایئرڈراپس کے ذریعے متاثرہ لوگوں تک خوراک کے پیکٹس اور ضروری سامان ارسال کیا جارہا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق ڈاکٹر الجطیلی نے سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ غزہ پٹی کے متاثرین کی فوری امداد کے لیے ہوائی جہازوں کے ذریعے خوراک پہنچانے کی مہم جاری ہے۔ اب تک 10 طیاروں کے ذریعے 30 ہزار سے زائد خوراک کے پیکٹس غزہ میں متاثرین کے لیے پہنچائے جاچکے ہیں۔
طیاروں کے ذریعے گرائی جانے والی خوراک کے پیکٹس کو تین طرح سے تقسیم کیا جاتا ہے جس میں ناشتہ ، دوپہر اور رات کا کھانا شامل ہے۔
ڈاکٹر سامر الجطیلی کا مزید کہنا تھا کہ فضائی امداد کا یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک وہاں اس کی ضرورت ہے۔
واضح رہے غزہ کے متاثرین کو اس وقت خوراک اور ادویات کی اشد ضرورت ہے سعودی عرب کی جانب سے متاثرین کی امداد کےلیے اردن کے تعاون سے ہوائی جہازوں کے ذریعے تیار خوراک کے پیکٹس ان علاقوں میں گرائے جاتے ہیں جہاں پناہ گزین بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
خیال رہے سعودی عرب کی جانب سےغزہ تنازعہ شروع ہوتے ہی فوری طورپر امدادی مہم کا آغاز کر دیا گیا تھا اس ضمن میں بری ، فضائی اور سمندری ذریعوں سے امدادی اشیا کی ترسیل کی مہم شروع کی گئی جو ہنوز جاری ہے۔