Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک پر طنزیہ ایموجی بھیجنے پر جھگڑا، پشاور میں تین افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی 

پشاور پولیس نے ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے رشید گڑھی میں دو فریقوں کی لڑائی میں فائرنگ سے تین افراد ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس نے ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے 14 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق پشاور شہر کے علاقے رشید گڑھی میں جمعے کو دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے تین افراد ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوگئے۔
’یہ واقعہ جمعے کو اس وقت پیش آیا جب دو گروپوں میں سوشل میڈیا پر کمنٹس کے تنازعے پر بحث و تکرار ہوئی۔‘
ایس پی سٹی ظفر احمد خان نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں فریقوں کے درمیان فیس بک پر ایموجی بھیجنے پر لڑائی ہوئی تھی۔‘
’پہلے ایک فریق نے ویڈیو اپلوڈ کی جس پر دوسرے فریق نے طنزیہ ایموجی کے ساتھ کمنٹ کیا جس کے بعد دونوں فریقوں میں بحث وتکرار ہوگئی۔‘
پولیس کے مطابق بحث و تکرار کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی اور دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر گولیاں چلا دیں۔
ایس پی ظفر احمد کہتے ہیں کہ ’ایک گروہ میں سے دو افراد جبکہ دوسرے گروہ میں سے ایک شخص کی ہلاکت ہوئی ہے، ابتدائی تفتیش کے دوران اب تک واقعے کی یہی وجہ سامنے آئی ہے، تاہم دونوں گروہوں کے درمیان اس سے قبل کوئی دشمنی نہیں تھی۔‘
ایس پی سٹی نے مزید بتایا کہ ’دونوں گروپوں سے تعلق رکھنے والے 14 افراد کو گرفتار کر کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے جبکہ ان سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔‘
’سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اکٹھی کرکے عینی شاہدین کے بیانات بھی قلم بند کروائے جارہے ہیں، تاہم کیس میں مزید پیش رفت ہونے پر میڈیا کو تفصیلات بتائی جائیں گی۔‘

شیئر: