Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب آم کی پیداوار میں 68 فیصد خود کفیل

سعودی وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کا کہنا ہے کہ مملکت میں آم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ مختلف ریجنز میں سالانہ 89.5 ہزار ٹن آم کی فصل حاصل کی جاتی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت زراعت کی جانب سے  ’فصل کی کٹائی‘ کے عنوان سے شروع کی جانے والی مہم میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے مختلف ریجنز میں 6.966 ہیکٹر اراضی پر آم کے باغات لگائے گئے ہیں جن میں مختلف آموں کی کامیابی سے کاشت کی جاتی ہے۔
آم کی کاشت میں اس وقت سعودی عرب 68 فیصد خود کفیل ہو چکا ہے۔ مملکت کے مختلف علاقوں میں آم کی فصل اپریل سے اگست تک تیار ہوتی ہے۔
وزارت زراعت کا مزید کہنا تھا کہ مملکت میں اس وقت 20 اقسام کے آموں کی کاشت کی جاتی ہے جن میں سمکہ، ناعومی، الزبدہ، الجولی، تیمور اور عیون المھا سب سے زیادہ مقبول ہیں۔
مکہ ریجن میں آم کی سالانہ پیداوار 17 ٹن سے زائد ہے جبکہ مدینہ منورہ ریجن میں 4 ہزار 505 ٹن اور عسیر ریجن میں 2 ہزار 800 ٹن جبکہ تبوک میں 2 ہزار 500 ٹن سے زائد کاشت ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ ریاض، قصیم، مشرقی علاقے نجران اور الباحہ میں بھی مختلف اقسام کے آموں کی کامیابی سے کاشت کی جاتی ہے۔

شیئر: