نیویارک: جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر آتشزدگی، ٹرمینل خالی
نیویارک پورٹ اتھارٹی کے ترجمان سٹیو برنز نے بتایا کہ چار افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی شہر نیویارک کے جان ایف کینڈی ایئر پورٹ کے ایک ٹرمینل میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد مسافروں کو باہر نکال لیا گیا ہے۔
نیویارک فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق بدھ کی صبح سات بجے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر 8 میں یہ واقعہ پیش آیا۔
نیویارک پورٹ اتھارٹی کے ترجمان سٹیو برنز نے نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ اس واقعے کے بعد چار افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جنہیں معمولی زخم آئے ہیں۔
حکام اس واقعے کی وجوہات کے بارے میں مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
ایئرپورٹ حکام نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس حادثے کی وجہ سے کچھ دیر کے لیے پروازیں متاثر ہوئیں تاہم سوا آٹھ بجے تک تمام پروازوں کو بحال کر دیا گیا تھا۔
جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر آٹھ پر اہم ایئرلائنز کے طیارے کھڑے ہوتے ہیں جن میں امریکن ایئر لائنز، برٹش ایئرویز، کیتھی پیسیفک اور قنطاس شامل ہیں۔