بائیڈن کا غزہ جنگ کے خاتمے کا وعدہ، ووٹرز سے جمہوریت کے دفاع کی اپیل
بائیڈن کا غزہ جنگ کے خاتمے کا وعدہ، ووٹرز سے جمہوریت کے دفاع کی اپیل
جمعرات 25 جولائی 2024 6:14
صدر بائیڈن نے کہا کہ ’جمہوریت کا دفاع کسی بھی عہدے سے زیادہ اہم ہے۔‘ فوٹو: اے ایف پی
امریکی صدر جو بائیڈن نے ووٹرز سے کہا ہے کہ وہ صدارتی الیکشن میں ملک کی جمہوریت کے دفاع کے لیے نکلیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی اُمیدوار کے طور پر اپنی پوزیشن سے دستبردار ہونے کے بعد جو بائیڈن کا یہ پہلا عوامی خطاب تھا۔
امریکی صدر نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ وہ اگلی ٹرم کے لیے الیکشن لڑنے سے دستبردار ہو رہے ہیں جس کے بعد نائب صدر کملا ہیرس اب ڈیموکریٹ پارٹی کی امیدوار بن گئی ہیں۔
صدر بائیڈن نے کہا کہ ’جمہوریت کا دفاع کسی بھی عہدے سے زیادہ اہم ہے۔‘
انہوں نے خطاب میں سابق صدر اور ری پبلکنز پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو براہ راست ٹرمپ کو نہیں پکارا، تاہم اُن کو جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیا۔
10 منٹ کے خطاب میں صدر بائیڈن کو ووٹرز اور اپنے حامیوں کے سامنے اپنے دور اور آنے والے دنوں کے بارے میں بات کی۔
جو بائیڈن نے کہا کہ ’کچھ بھی نہیں، ہماری جمہوریت کو بچانے کی راہ میں کچھ نہیں آ سکتا۔ اور اس کچھ بھی نہیں میں ذاتی خواہش بھی شامل ہے۔‘
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ تاریخی لمحہ تھا جب ایک امریکی صدر قوم کے سامنے اپنے جذبات بیان کر رہے تھے کہ وہ رضاکارانہ طور پر اقتدار چھوڑنے کا غیرمعمولی قدم کیوں اٹھا رہے ہیں۔ یہ 1968 کے بعد سے نہیں کیا گیا، جب لنڈن جانسن نے اعلان کیا تھا کہ وہ ویتنام جنگ کے باعث دوبارہ الیکشن نہیں لڑیں گے۔
بائیڈن نے صدر کے عہدے کے بارے میں کہا کہ ’میں اس دفتر کا احترام کرتا ہوں۔ لیکن میں اپنے ملک سے زیادہ پیار کرتا ہوں۔‘
صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ ’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ آگے بڑھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ مشعل کو نئی نسل تک پہنچایا جائے۔‘ بائیڈن نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں ’نئی اور نوجوان آوازوں‘ کو جگہ دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ہماری قوم کو متحد کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔‘
امریکی صدر نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ وہ اگلی ٹرم کے لیے الیکشن لڑنے سے دستبردار ہو رہے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
صدر بائیڈن کا خطاب بڑے براڈکاسٹ اور کیبل نیوز نیٹ ورکس نے براہ راست نشر کیا۔ انہوں نے اپنے عہدے کے آخری چھ ماہ کے کاموں کی ایک لمبی فہرست تیار کی، جس میں 20 جنوری 2025 کو اپنی مدت ختم ہونے تک صدر رہنے پر توجہ مرکوز رکھنے کا عہد کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے کام کریں گے۔ غزہ میں، کینسر کے علاج کے لیے حکومتی تعاون کو بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔
بائیڈن نے کہا کہ امریکہ کے بارے میں سب سے بڑی چیز یہ ہے کہ یہاں بادشاہ اور آمر حکومت نہیں کرتے، لوگ کرتے ہیں. تاریخ آپ کے ہاتھ میں ہے۔ طاقت آپ کے ہاتھ میں ہے۔ امریکہ کا خیال رکھنا آپ کے ہاتھ میں ہے۔‘